کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی اسپتال میں داخل
پرینکا کو چندولی میں ہی نیائے یاترا میں شرکت کرنا تھی
نئی دہلی ،16فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا اتر پردیش پہنچنے والی ہے، لیکن اس سے قبل ہی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ طبیعت میں اچانک خرابی کی وجہ سے پرینکا گاندھی کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ انہوں نے خود ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں۔معلومات کے مطابق پرینکا گاندھی اب راہل گاندھی کی یوپی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے آغاز میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کی صحت ٹھیک ہونے کے بعد وہ اس بھارت جوڑو نیائے یاترا میں حصہ لیں گی۔
پرینکا کو چندولی میں ہی نیائے یاترا میں شرکت کرنا تھی پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اتر پردیش پہنچنے کے لیے بھارت جوڑو نیائے یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہی تھی لیکن بیماری کی وجہ سے مجھے آج ہی اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ جیسے ہی میں بہتر محسوس کروں گی میں یاترا میں شامل ہو جاؤں گی۔ تب تک، میری نیک خواہشات چندولی-بنارس پہنچنے والے تمام یاتریوں،ساتھیوں اور اتر پردیش کے پیارے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔



