دبئی کی جیل میں 18 سال گزارنے کے بعد وطن واپس لوٹے 4 مزدور
چوکیدار بہادر سنگھ کو قتل کرنے کے جرم میں پانچ ملازمین کو 25 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
نئی دہلی،21فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)قتل کے معاملہ میں دبئی میں 18 سال جیل میں گزارنے کے بعد تلنگانہ کے 4 مزدور اپنے گھر لوٹ آئے ہیں۔ راجنّا سِرسِلا ضلع کے رہنے والے یہ لوگ جیسے ہی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے ان کے اہلِ خانہ نے ان کا نہایت جذباتی استقبال کیا۔شیو راتری ملیش اور ان کے بھائی شیو راتری روی اپنے گھروالوں کو دیکھ کر جذباتی ہو گئے اور انہیں گلے لگا لیا۔
ڈنڈوگلا لکشمن دو مہینے پہلے واپس لوٹے تھے، جبکہ شیوراتری ہنومنتھو دو دن پہلے واپس آئے۔ پانچویں شخص وینکٹیش کے اگلے ماہ جیل سے رہا ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ دبئی کی ایک عدالت نے نیپال کے رہنے والے چوکیدار بہادر سنگھ کو قتل کرنے کے جرم میں پانچ ملازمین کو 25 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں دبئی کے دورے کے دوران اس وقت کے وزیر مملکت K.T. راما راؤ (کے ٹی آر) کی اپیل کے بعد ان کی رحم کی درخواست منظور کر لی تھی۔ ان مزدوروں کے اپنے وطن آنے کے ٹکٹ کا انتظام کے ٹی آر کے ذریعے ہی کیا گیا ہے۔



