بین الاقوامی خبریں

بچوں کیخلاف جنسی جرائم: سابق آسٹریلین بشپ پر فرد جرم عائد

ویٹیکن میں پوپ فرانسس نے سن 2021 میں ان کا استعفیٰ منظور کرلیا

سڈنی ،23فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)آسٹریلیا میں سب سے سینئر کیتھولک مذہبی رہنماؤں میں سے ایک پر بچوں کے خلاف متعدد جنسی جرائم کے ارتکاب کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ویٹی کن کی تحقیقات کے بعد چوہتر سالہ ریٹائرڈ بشپ کرسٹوفر سانڈرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اپنے کلیسائی عہدے سے سبکدوش ہو چکے آسٹریلوی رومن کیتھولک بشپ کرسٹوفر سانڈرز Christopher Saunders پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاست مغربی آسٹریلیا میں بروم کے ڈایوسیز (کلیسائی انتظامی علاقے) کی صدارت کے دوران متعدد جنسی جرائم کا ارتکاب کیا۔

 انہیں بروم شہر کی ایک عدالت میں اپنے خلاف الزامات کا سامنا کرنے کے لیے پیش کیا گیا۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ان جنسی جرائم کا ارتکاب سن 2008 اور سن 2014 کے درمیانی عرصے میں کیا۔ ان میں رضامندی کے بغیر جنسی عمل کے دو، غیر قانونی اور بے حیائی سے کیے جانے والے 14حملے اور ایک بچے کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کے الزامات بھی شامل ہیں۔سینئر بشپ کرسٹوفر سانڈرز ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد سن 2020 میں اپنے کلیسائی عہدے سے دست بردار ہو گئے تھے۔

ویٹیکن میں پوپ فرانسس نے سن 2021 میں ان کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔البتہ ابتدائی پولیس تحقیقات میں ان کے خلاف الزامات عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت نہیں ملے تھے۔ پھر پوپ فرانسس کے ذریعے متعارف کرائے گئے اختیارات کی بنیاد پر ویٹی کن نے سن 2022 میں اپنی طرف سے تحقیقات شروع کیں اور پولیس کو معلومات فراہم کیں۔ اس دوران ویٹی کن نے کہا تھا کہ سانڈرز کے خلاف دوبارہ چھان بین کی جا سکتی ہے۔آسٹریلیا میں بروم کی ڈایوسیز، جہاں سانڈرز نے 20 سال سے زائد عرصے تک کام کیا، شمال مغربی آسٹریلیا میں واقع ہے اور امریکی ریاست ٹیکساس سے بھی زیادہ بڑے رقبے پر محیط ہے۔

یہ خطہ آسٹریلیا کے قدیم مقامی باشندوں کی درجنوں مختلف نسلی برادریوں کا مسکن ہے۔آسٹریلین کیتھولک بشپس کانفرنس کے صدر آرچ بشپ ٹموتھی کوسٹیلو نے کہا ہے کہ چرچ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔کوسٹیلو نے ایک بیان میں کہا کہ بروم کے سابق بشپ کرسٹوفر سانڈرز کیخلاف الزامات نہایت سنگین اور انتہائی تکلیف دہ ہیں۔آسٹریلوی کیتھولک کلیسا کی ایک اور بڑی شخصیت کارڈینل جارج پیل کو سن 2019 میں جنسی زیادتی کے الزامات میں جیل میں بھیجا گیا تھا تاہم اگلے ہی برس ان کی سزا منسوخ کر دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button