ممبئی -ماریشس فلائٹ میں 5 گھنٹے تک پھنسے رہے مسافر
فلائٹ میں سوار ہوئے مسافروں کو سوار ہونے کے بعد فلائٹ کے انجن میں خرابی کا علم ہوا
ممبئی ،24فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) حال ہی میں ایئرلائنز کی لاپرواہی کی کئی رپورٹس سامنے آرہی ہیں جن میں کبھی انجن میں خرابی ہوتی ہے تو کبھی مسافروں کو کچھ اور مسائل کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ اسی طرح کا واقعہ ممبئی سے ماریشس جانے والی ایئر ماریشس کی پرواز ایم کے 749 میں بھی دیکھا گیا۔پرواز میں خرابی کے باعث کئی افراد کی طبیعت بھی خراب ہوگئی۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر کئی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔دراصل یہ واقعہ 24 فروری کو پیش آیا جب ممبئی سے ماریشس جانے والی فلائٹ کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی۔ ماریشس جانے والی پرواز سے پہلے مسافر اپنے مقررہ وقت پر صبح 3.45 بجے فلائٹ میں سوار ہوئے مسافروں کو سوار ہونے کے بعد فلائٹ کے انجن میں خرابی کا علم ہوا۔ انجن فیل ہونے کے بعد فلائٹ میں موجود کسی مسافر کو پرواز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
فلائٹ میں خرابی کے باعث اندر کا ایئرکنڈیشنر چلانے میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ بھی مکمل طور پر بند ہو گیا۔ تمام مسافر 5 گھنٹے سے زائد وقت تک فلائٹ کے اندر بیٹھے رہے۔ اس دوران پرواز میں سوار ایک 78 سالہ شخص کے ساتھ دیگر کئی چھوٹے بچوں کو سانس کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ فلائٹ میں سوار ایک مسافر نے بتایا کہ فلائٹ میں موجود 78 سالہ شخص کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ مسافر کی شناخت بنو دت بلاؤکی کے نام سے ہوئی ہے۔
کافی کوشش کے بعد بھی جب سسٹم ٹھیک نہ ہو سکا تو کچھ دیر بعد یہ فلائٹ منسوخ کر دی گئی اور تمام مسافروں کو فلائٹ سے اتار دیا گیا۔ پرواز کی منسوخی کے بعد حکام نے دیگر ضروری سہولیات کے انتظامات کر لیے۔ طیارے میں سوار ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ نے آج صبح 4:30 بجے روانہ ہونا تھا۔ مسافر صبح 3.45 پر طیارے میں سوار ہوئے لیکن طیارے کا انجن خراب ہوگیا۔ ہم سب 5 گھنٹے سے زیادہ پرواز کے اندر رہے اور انہیں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پرواز کو اب منسوخ کر دیا گیا ہے اور دیگر ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔



