بین الاقوامی خبریںسرورق

ڈھانچہ بنے فلسطینی بچے یزن کی ویڈیو نے لاکھوں لوگوں کو آبدیدہ کر دیا

روز قیامت یزن خدا کےحضور پوچھے گا کہ مجھے کس جرم میں شہید کیا گیا

غزہ ،6مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)فلسطینی بچہ یزن الکفارنہ پیر کی شام رفح کے ابو یوسف النجار اسپتال میں غذائی قلت کے باعث دم توڑ گیا۔ وہ شمالی غزہ سے علاج کی غرض سے لایا گیا تھا، کیونکہ اس کی حالت بہت زیادہ خراب تھی۔انتہائی لاغر، ڈھانچہ بنے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد لاکھوں لوگوں کے دل افسردہ اور انکھیں نم ہوگئیں۔طبی ذرائع نے بتایا کہ بچہ دماغی فالج کا مریض تھا۔اس کی پیدائش کے وقت آکسیجن کی ناکافی رسائی تھی اور ضروری خوراک، علاج اور ادویات کی کمی کی وجہ سے اس کی حالت مزید بگڑ گئی تھی۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی معان نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ غذائی قلت اور علاج کی کمی کے باعث مرنے والے بچوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

اسی تناظر میں، کمال عدوان اسپتال نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ 15 بچے غذائی قلت اور پانی کی کمی سے ہلاک ہو گئے ہیں، اور 6 دیگر بچے انتہائی نگہداشت میں ہیں۔شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے کہا کہ شمال میں بچوں کی اموات بھوک، غذائی قلت اور ایندھن کی کمی کے باعث ہو رہی ہیں۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ بیمار بجوں کو کسی بھی وقت سانس لینے والوں کی ضرورت پڑسکتی ہے، جب کہ ایندھن مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے خبردار کیا تھا کہ غزہ میں دو سال سے کم عمر چھ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔انہوں نے کم از کم 10 بچوں کی غذائی قلت اور پانی کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کو اب تک کا”خوفناک” عدد قرار دیا۔یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر بڑے پیمانے پر جنگ کر رہا ہے جس میں 30,534 سے زیادہ شہید اور 71,920 زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button