ریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا
غیر ملکیوں کی فیملی فیس پر نظر ثانی کر رہے ہیں: سعودی وزیر خزانہ
الریاض ،6مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)الریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا جس کی اونچائی دو کلو میٹر ہو گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ’architects journal‘ نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر ہونے والے بلند ترین ٹاور کا ڈیزائن تیار کر رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور برج خلیفہ سے بلند ہوگا جو دنیا کا سب سے بلند ٹاور ہے اور اس کی اونچائی 829.8 میٹر ہے۔
اسی طرح نیا ٹاور جدہ میں زیر تعمیر ٹاور سے بھی اونچا ہوگا جس کی بلندی ایک کلو میٹر بتائی جارہی ہے جبکہ امریکہ میں بلند ترین ٹاور سے چار گنا اونچا ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور کنگ خالد ایئرپورٹ کے قریب ہوگا تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔
غیر ملکیوں کی فیملی فیس پر نظر ثانی کر رہے ہیں: سعودی وزیر خزانہ
ریاض ،6مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی فیملی فیس پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ فیملی فیس پر نظر ثانی اس لیے بھی ضروری ہے کہ کیونکہ سعودی عرب معیشت کی بہتری کے لیے ہنر مندوں راغب کر رہا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ’غیر ملکیوں پر فیملی فیس عائد کرنا اس لیے ضروری تھا کیونکہ وہ پانی اور بجلی میں حکومتی سبسڈی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ 2016 میں مشکل فیصلے کئے گئے تھے جن میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس، الاؤنس میں کمی اور غیر ملکیوں پر فیملی فیس شامل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’2018 میں کئی مالی اِصلاحات ہوئی ہیں جبکہ 2020 میں کورونا کا بحران تھا۔



