
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)این آئی اے نے جاسوسی میں ملوث ہونے کے الزام میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ایک مبینہ ہندوستانی ایجنٹ کے خلاف ضمنی چارج شیٹ دائر کی ہے۔ جمعہ کے روز ایک عہدیدار نے یہ معلومات دی ہیں۔
جمعرات کو گجرات کے مغربی کچ ضلع کے رہائشی راجا بھائی کمبھر کے خلاف ہندوستانی تعزیرات (آئی پی سی) اورانسداد غیر قانونی سرگرمی ایکٹ (یو اے پی اے) کی متعلقہ دفعات کے تحت ضمنی چارج شیٹ دائر کی گئی تھی۔
گذشتہ سال جنوری میں اترپردیش کے چانڈولی کے رہائشی محمد راشد کو لکھنؤ میں پاکستان میں مقیم آئی ایس آئی ایجنٹوں کو اسٹریٹجک اہمیت کی حساس معلومات ، تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد ابتدائی طور پر ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس کے بعد قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے پچھلے سال اپریل میں ایک مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کی ذمہ داری قبول کرلی۔اس سے قبل گذشتہ سال جولائی میں پاکستان میں مقیم آئی ایس آئی کے اپنے ہینڈلرز کو اہم تنصیبات اور سکیورٹی فورسز کی سرگرمیوں سے متعلق حساس اور حکمت عملی سے متعلق اہم معلومات بھیجنے میں راشد کے کردار کے حوالے سے چارج شیٹ دائر کی گئی تھی۔
این آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایاہے کہ کمبھر کو گذشتہ سال 30 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
وہ درست دستاویزات پر دو بار پاکستان گیا تھا اور اپنے دوسرے دورے سے واپس آتے ہی وہ پاکستانی آئی ایس آئی ایجنٹ حامد کے ساتھ رابطہ میں آیا تھا اور سازش میں لگ گیا تھا۔افسرنے بتایاہے کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔



