قومی خبریں

سی اے اے قانون قطعی اور ہرگز واپس نہیں لیا جائے گا: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سی اے اے قانون کو کبھی واپس نہیں لیا جائے گا

نئی دہلی ،14مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)منگل کو لوک سبھا انتخابات سے عین قبل، مودی حکومت نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب ملک میں سی اے اے نافذ ہو گیا ہے۔ سی اے اے کے نفاذ کے بعد بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان کی غیر مسلم اقلیتوں کے لیے ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سی اے اے قانون کو کبھی واپس نہیں لیا جائے گا۔ اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ سی اے اے قانون کو کبھی واپس نہیں لیا جائے گا۔

اپنے ملک میں ہندوستانی شہریت کو یقینی بنانا ہمارا خود مختار حق ہے، ہم اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سی اے اے نوٹیفکیشن اور اس کی دفعات پر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مسلمانوں کو بھی شہریت کے لیے درخواست دینے کا حق ہے، راستہ کسی کے لیے بند نہیں ہے۔ یہ خصوصی ایکٹ اس لیے کیا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی دستاویزات کے آئے تھے۔ ہم ان لوگوں کے لیے راستہ تلاش کریں گے جن کے پاس دستاویزات نہیں ہیں، لیکن جن کے پاس دستاویزات ہیں وہ عموماً 85فیصد سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست اپنی فرصت میں دی جا سکتی ہے، حکومت ہند آپ کو آپ کے دستیاب وقت کے مطابق انٹرویو کے لیے بلائے گی۔

حکومت آپ کو دستاویز کے آڈٹ کے لیے بلائے گی اور آمنے سامنے انٹرویو لیا جائے گا۔وہ تمام لوگ جو 15 اگست 1947 سے 31 دسمبر 2014کے درمیان ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں ،ان کا استقبال ہے۔سی اے اے کے نوٹیفکیشن پر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس ملک کی اقلیتوں یا کسی اور کو سی اے اے سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سی اے اے میں کسی کی شہریت چھیننے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ سی اے اے صرف تین ممالک افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والے ہندو، سکھ، جین، بدھ، عیسائی اور پارسی مہاجرین کو شہریت دینے کا قانون ہے۔اپوزیشن کے اس الزام پر کہ بی جے پی سی اے اے کے ذریعے نیا ووٹ بینک بنا رہی ہے، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی اور کام نہیں ہے۔ ان کی تاریخ یہ ہے کہ وہ جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے، وزیر اعظم مودی کی تاریخ یہ ہے کہ بی جے پی نے جو کچھ کہا اور نریندر مودی نے جو کچھ کہا وہ پتھر کی لکیر ہے۔ پی ایم مودی کی ہر گارنٹی پوری ہے۔

امیت شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی اور کام نہیں، انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ سرجیکل اسٹرائیک اور ایئر اسٹرائیک میں سیاسی فائدہ ہے، تو کیا ہمیں دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہیں کرنی چاہیے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آرٹیکل 370 کو ہٹانا بھی ہمارے سیاسی فائدے کے لیے تھا۔ ہم 1950 سے کہہ رہے ہیں کہ ہم آرٹیکل 370 کو ہٹا دیں گے۔ ان کی تاریخ یہ ہے کہ وہ جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے، پی ایم مودی کی ہر گارنٹی پوری ہے۔سی اے اے نوٹیفکیشن پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے تبصرے پرامت شاہ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بی جے پی وہاں اقتدار میں آئے گی اور دراندازی کو روکے گی۔ اگر آپ اس قسم کی سیاست کرتے ہیں اور قومی سلامتی کے اتنے اہم مسئلے پر خوشامد انہ سیاست کرتے ہیں اور مہاجرین کو شہریت دینے کی مخالفت کرتے ہیں تو عوام آپ کے ساتھ نہیں ہو گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button