سری نگر: قومی شاہراہ پر ٹیکسی کھائی میں جاگری، 10 کی المناک ہلاکت
سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے قریب جمعہ کو اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا
سری نگر،29مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے قریب جمعہ کو اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 10 افرادہلاک ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف اور رام بن سول کیو آر ٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔رپورٹ کے مطابق جموں سے سری نگر جا رہی ایک مسافر کیب جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن علاقے میں بیٹری چشمہ کے قریب گہری کھائی میں گر گئی۔ ٹیکسی میں سفر کرنے والے کئی مسافروں کی موت کا خدشہ ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ٹیم کی جانب سے علی الصبح ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس میں اب تک 10 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں لیکن گہرائی، اندھیرے اور مسلسل بارش کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات کا سامنا تھا۔پولیس نے بتایا کہ اس حادثہ کی اطلاع تقریباً دیر رات گئے 1.15 بجے ملی۔ اطلاع ملی تھی کہ مسافروں کو جموں سے کشمیر لے جانے والی ٹیکسی (ٹاویرا) نیشنل ہائی وے-44 پر بیٹری چشمہ کے قریب تقریباً 300 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔ایس ایچ او پی ایس رامبن، پولیس ٹیم، ایس ڈی آر ایف ٹیم اور سول کیو آر ٹی رام بن سمیت اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور بچاو آپریشن شروع کیا۔
اب تک گہری کھائی سے 10 نعشیں نکالی جا چکی ہیں۔ انہیں اس لیے منتقل کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ علاقہ بہت مشکل ہے اور مسلسل بارش ہو رہی ہے۔پولیس کے مطابق کھائی سے برآمد ہونے والی دونوں نعشوں کی شناخت بلوان سنگھ ولد پورب سنگھ کی گئی ہے، وہ کار ڈرائیور تھا۔اس کے ساتھ ہی ایک اور شخص کی شناخت وپن مکھیا ولد وشوناتھ مکھیا بہار چمپارن کے طور پر ہوئی ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے رام بن سڑک حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ المناک سڑک حادثے کا علم ہونے کے بعد انہوں نے ڈی سی رام بن بصیر الحق سے بات کی ہے، میں حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔



