بین الاقوامی خبریںسرورق

اُداس ہونے پر 10 دن کی چھٹیوں کی فراہمی، چینی کمپنی کے ملازمین کیلئے پیشکش

ملازمین پہلے ہی 40 دن کی سالانہ چھٹیاں حاصل کرتے ہیں،

بیجنگ، 18اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)چین کی ایک سپر مارکیٹ چین نے اپنے ملازمین کے لیے سال میں 10 دن کی ’سیڈ لیوز‘ متعارف کروائی ہیں۔نیوز ویب سائٹ ’دی اسٹریٹس ٹائمز‘ کے مطابق فیٹ ڈانگ لائی نامی سپرمارکیٹ کے ملازمین اگر اُداس ہیں اور ان کا کام پر آنے کا دل نہیں کر رہا تو وہ سال میں دس دن چھٹیاں لے سکیں گے، ان چھٹیوں کو مینیجرز بھی مسترد نہیں کر پائیں گے۔ 1995 میں اپنا پہلا سٹور شروع کرنے والے فیٹ ڈانگ لائی کے مالک مسٹر یو ڈونگ لائی کا کہنا ہے ہر شخص کے ایسے دن بھی آتے ہیں جب وہ اُداسی کی کیفیت سے گزر رہے ہوتے ہیں، یہ انسانی فطرت ہے۔

یو ڈونگ نے کہاکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ملازمین اُداس ہونے پر چھٹی لیتے ہیں تو وہ ایک بار پھر خوشی محسوس کر سکتے ہیں۔ اس طریقے سے وہ سمجھ پاتے ہیں کہ کمپنی ان سے تعاون کرتی ہے اور وہ اپنے کام اور ذاتی زندگی میں توازن قائم رکھ سکتے ہیں۔مسٹر یو کے مطابق فیٹ ڈونگ لائی کے ملازمین پہلے ہی 40 دن کی سالانہ چھٹیاں حاصل کرتے ہیں، اس کے علاوہ چینی نئے سال کے جشن کے دوران پانچ دن ویسے ہی اسٹورز بند رہتے ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ فیٹ ڈونگ لائی کمپنی اپنے ’ورکر فرسٹ کلچر‘ اور اس سے وابستہ مراعات کے لیے خبروں میں آئی ہو۔سال 2023 میں چینی میڈیا میں رپورٹ کی گئی خبریں بہت وائرل ہوئی تھیں جن کے مطابق اس کمپنی کے ملازمین کو کام کے دوران کسی بھی قسم کے ناگوار یا ہتک آمیز واقعے کا سامنا کرنا پڑے ،توکمپنی انہیں ازالے کے طور پر 5,000 یوآن ($950) کی رقم بھی دیتی ہے۔حال ہی میں 5 اپریل کو فیٹ ڈونگ لائی کمپنی اُس وقت خبروں کی زینت بنی جب کمپنی کے مالک مسٹر یو نے انتظامی سطح کے ملازمین کو چھٹیوں پر یورپ جبکہ دیگر ماتحت ملازمین کو جاپان کے دورے پر بھیجا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button