دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹ ٹرمینل کی تعمیر کا آغاز
آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا
دبئی ،29اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دبئی نے اعلان کیا ہے کہ آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ ریاست کے حکمران کے مطابق تقریباً 35 ارب ڈالر کی مالیت سے تیار ہونے والایہ دنیا کا سب سے بڑا‘ ٹرمینل ہو گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم نے آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی ہے، اور اس کی تعمیر پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
‘حکومتی بیان کے مطابق ’(ٹرمینل کے) مکمل طور فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہو گی۔شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مزید کہا کہ اس کی (مسافروں کے حوالے سے) دنیا کی سب سے بڑی گنجائش والی ایئرپورٹ ہوگی اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہو گا۔خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کے تمام آپریشنز اگلے 10 سال میں دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کردیا گیا۔دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سوشل میڈیا پر دبئی ائیرپورٹ کی منتقلی کا منصوبہ شئیر کردیا۔دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نئے مسافر ٹرمینلز کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی ہے، نئے ٹرمینل کی تعمیری لاگت 128 ارب درہم ہوگی۔المکتوم ائیرپورٹ سے سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی سالانہ آمدورفت ہوسکے گی، المکتوم ائیرپورٹ پر بیک وقت 5 رن ویز پر فلائٹ آپریشن ہوسکے گا۔مستقبل کے ائیرپورٹ پر 400 جہاز بیک وقت مسافروں کو سروس فراہم کرسکیں گے، ائیرپورٹ پر ایوی ایشن سیکٹر میں پہلی بار نئی ایوی ایشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ کے اطراف نیا شہر ’دبئی ساؤتھ‘ بسایا جائے گا، دبئی ساؤتھ میں 10 لاکھ افراد کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔دبئی کا المکتوم ایئرپورٹ گزشتہ 10 سال سے دبئی ائیرشو کی میزبانی کررہا ہے، اس ائیرپورٹ نے 2010 میں کارگو فلائٹس سے آپریشن کا آغاز کیا تھا، المکتوم انٹرنیشل ائیرپورٹ سے آج کل محدود مسافر پروازیں بھی روانہ ہوتی ہیں۔دبئی کا المکتوم ائیرپورٹ موجودہ دبئی ائیرپورٹ سے 60 کلومیٹر دور واقع ہے۔



