آر پی ایف نے مدارس کے93 بچوں کو ٹرین سے اتار چائلڈ ویلفیئر کمیٹی بھیج دیا
یہ تمام بچے دینی مدارس کے طلبائے عزیز ہیں،
الٰہ آباد ، 10مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)الٰہ آباد میں آر پی ایف نے سیمانچل ایکسپریس ٹرین سے 93 بچوں کو اتار کر چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے پاس بھیج دیا۔خیال رہے کہ یہ ٹرین بہار کے ارریہ ضلع کے فاربس گنج سے نئی دہلی آتی ہے ۔ ان بچوں کے ساتھ پولیس نے نو افراد کو بھی پکڑا ہے۔ان معصوم بچوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ تمام بچے دینی مدارس کے طلبائے عزیز ہیں، جو راجستھان ،یوپی کے مختلف مدارس میں بغرض دینی تعلیم جا رہے تھے۔ آر پی ایف کے مطابق ان بچوں کو لے جانے والے افراد کے پاس کوئی درست دستاویزات نہیں تھے اور نہ ہی ان کے خاندان کا کوئی فرد تھا۔
یہ تمام بچے بہار کے ارریہ سے مختلف شہروں میں جارہے تھے ۔ بچوں کی عمریں 9 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ خیا ل رہے کہ ریلوے نے انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کی ہے۔میڈیا ذرائع نے ریلوے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بچوں کو غلط طریقے سے منتقل کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی پوچھ گچھ سے معلوم ہوا کہ ان بچوں کو مختلف مدارس میں لے جایا جا رہا تھا۔ اس وقت تمام بچوں کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا ہے اور وہاں ان کی نگرانی اور کونسلنگ کی جارہی ہے۔ بچوں کے اہل خانہ کو بلایا گیا ہے۔ ان بچوں کو لے جانے والے لوگوں کیخلاف بھی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
افسران نے بچوں کی مبینہ اسمگلنگ کا خدشہ ظاہر کیا، کئی دنوں سے اس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ریلوے حکام نے بچوں کی اسمگلنگ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ کو اس طرح کی سرگرمیوں کی اطلاع کافی عرصہ پہلے ملی تھی۔ اسی لیے آر پی ایف کی ایک ٹیم کو پنڈت دین دیال اپادھیائے (مغل سرائے )اسٹیشن بھیجا گیا۔ ٹیم وہاں سے ٹرین پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ پریاگ راج پہنچنے پر تمام بچوں کو نیچے اتار کر چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا۔ریلوے حکام نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ بچوں کو مختلف شہروں دہلی، ناگور، دہرادون لے جایا جا رہا ہے۔بچوں کے ساتھ پکڑے گئے لوگوں نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ بچوں کو مدارس میں پڑھانے لے جا رہے تھے ۔



