سعودی عرب: ورکرز قوانین کی خلاف ورزی، 70 ریکروٹمنٹ دفاتر کے لائسنس معطل
بیشتر ایسے تھے جنہوں نے گھریلو کارکنوں کے ویزے جاری کرائے اور انہیں اپنا کام کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیا
ریاض ، 14مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود کی ٹیموں نے سال رواں کے ابتدائی چار ماہ کے دوران افرادی قوت درآمد کرنے والے 24 اداروں کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔خبر کے مطابق جن اداروں کا چالان کیا گیا ان میں سے بیشتر ایسے تھے جنہوں نے گھریلو کارکنوں کے ویزے جاری کرائے اور انہیں اپنا کام کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیا جو کہ قانون شکنی ہے۔وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے افرادی قوت درآمد کرنے کے قوانین پرعمل نہ کرنے والی 70 ریکروٹمنٹ دفاتر کے لائسنس معطل کرکے ان کے خلاف بھی ادارہ جاتی کارروائی کی۔
افرادی قوت درآمد کرنے میں مقررہ وقت سے زیادہ تاخیر کرنے اور صارفین کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر بھی 8 اداروں کو سیل کیا گیا جبکہ شکایات کنندگان کی رقوم واپس کی گئی ہیں۔وزارت افرادی قوت کی جانب سے اس حوالے سے ٹول فری نمبر جاری کیا گیا ہے جس پر گھریلو ورکرز کی درامد کرنے میں سامنے آنے والی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرایا جاسکتا ہے۔



