بی جے پی اور مودی کجا، دُنیا کی کوئی طاقت آئین تباہ نہیں کرسکتی : راہل گاندھی
کانگریس پارٹی اور ملک آپ کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔
بھونیشور ،15مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)لوک سبھا انتخابات کی انتخابی ریلی میں وایناڈ کے ایم پی اور وایناڈ اور رائے بریلی سے کانگریس کے امیدوار راہل گاندھی نے بی جے پی لیڈروں اور کارکنوں کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کے رہنما اور کارکنان ہندوستانی آئین کو پھاڑنے کی کوشش کریں گے تو کانگریس پارٹی اور ملک کے عوام ان کے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔اوڈیشہ کے بلانگیر لوک سبھا میں کانگریس امیدوار منوج مشرا کے حق میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے اپنے ہاتھ میں آئین لہراتے ہوئے کہا کہ آج بی جے پی کے بڑے لیڈر کہتے ہیں کہ اگر وہ الیکشن جیت گئے تو وہ یہ دستور (آئین) کو پھاڑ کر پھینک دیں گے۔ میں بی جے پی کے ہر کارکن اور لیڈر سے کہنا چاہتا ہوں کہ نہ صرف نریندر مودی اور بی جے پی بلکہ دنیا کی کوئی طاقت اس کتاب کو تباہ نہیں کرسکتی۔
اگر آپ اسے پھاڑنے کی کوشش کرتے ہیں تو دیکھیں کہ کانگریس پارٹی اور ملک آپ کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔اسی انتخابی ریلی میں راہل نے کہا کہ ہندوستان کے غریب، پسماندہ، دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کو جو کچھ ملا ہے۔ اس آئین کی وجہ سے حاصل ہوا۔ یہ الیکشن دو نظریات کے درمیان ہے، صحیح اور غلط۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب راہل گاندھی بی جے پی پر حملہ کر رہے ہیں۔ اس لوک سبھا الیکشن میں راہل گاندھی آئین کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بناتے نظر آئے ہیں۔ اوڈیشہ میں مرحلہ وار ووٹنگ ہو رہی ہے۔ لوک سبھا کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں، ریاست کی 21 سیٹوں میں سے، بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے 12، بی جے پی نے 8 اور کانگریس نے 1 پر کامیابی حاصل کی۔ اسمبلی میں ریاست کی 146 سیٹوں میں سے حکمراں بی جے ڈی نے 112، بی جے پی کو 23 اور کانگریس نے 9 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔



