ہندوستان چین پر انحصار کم کر رہا ہے ، رپورٹ میں انکشاف
ہندوستان کی کوشش ہے کہ چین پر انحصار کم ہوجائے
نئی دہلی ،21جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)آزاد ذرائع کے مطابق ہندوستان کی کوشش ہے کہ چین پر انحصار کم ہوجائے اور یہاں کے لوگ اپنے ملک میں بنی چیزیں استعمال کریں۔ یہ پالیسی تب سے تیز کی گئی جب سے دونوں ملکوں کے بیچ ٹکرائو میں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2020 میں 15-16 جون کی درمیانی شب وادی گلوان میں ایل اے سی پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی۔ اس جھڑپ میں ہمارے ملک کے 20 فوجی شہید ہوئے۔ چینی فوجیوں نے ہندوستانی سرحد کی حفاظت پر مامورہندوستانی فوجیوں پر بزدلانہ حملہ کیا۔حکومت ہند نے بھی اس واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہو گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی حکومت نے چینی شہریوں کو ویزے دینے میں بھی کمی کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2019 میں تقریباً دو لاکھ چینی شہریوں کو ہندوستان کے ویزے دیئے گئے تھے تاہم وادی گلوان میں ہونے والے تصادم کے بعد ہندوستان نے چینی شہریوں کو دیے جانے والے ویزوں میں کمی کر دی تھی۔سال 2024 میں اب تک صرف دو ہزار چینی شہریوں کو ویزا دیا گیا ہے۔
گزشتہ آٹھ ماہ میں ہندوستانی حکومت نے صرف 1500 چینی شہریوں کو ویزے دیئے ہیں۔ یہ صرف ویزا دینے کا معاملہ نہیں ہے۔ ہندوستان، تجارتی شعبے میں بھی چین پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہندوستان نے چین کو صرف 8.93 بلین ڈالر کی برآمدات کی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رواں سال جنوری سے مئی تک 47 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ہندوستان نے مالی سال 2024 میں ڈالر29.12 بلین مالیت کا الیکٹرانک سامان برآمد کیا، جو کہ مالی سال 2023 میں ڈالر23.55 بلین کے مقابلے میں، بنیادی طور پر (پروڈکشن لنکڈ انسینٹیو) پی ایک آئی اسکیم کی وجہ سے تھا۔ حکومت ہند نے یہ اسکیم چین اور دیگر ممالک پر ہندوستان کا انحصار کم کرنے کے لیے شروع کی ہے۔
ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال سے چینی حکومت اور اس کی فضائی کمپنیوں نے ہندوستان سے درخواست کی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی جائیں۔ چین کے مطابق یہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ ہندوستانی فریق اس سمت میں چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کی جاسکیں۔ سال 2020 کے بعد ہندوستان میں غلط سرگرمیاں کرنے والی کئی چینی کمپنیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ویوو جیسی کمپنیاں ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھیں۔ای ڈی نے ویوو کے خلاف کارروائی کی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ چین اپنی توسیع پسندی کی پالیسی سے باز نہیں آرہا ہے۔ ایسے میں ہندوستان کو چین پر اپنا انحصار کم کرنا ہوگا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، ایک کابینہ وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کچھ اقتصادی فوائد کے لیے ملک کی سرحدی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتی۔



