سفرحج میں 98 ہندوستانی عازمین حج واصل بحق ہوئے : وزارت خارجہ
سعودی عرب کے مکہ مکرمہ میں حج پر گئے 98 ہندوستانی عازمین کا انتقال ہوگیا
نئی دہلی،21جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی عرب کے مکہ مکرمہ میں حج پر گئے 98 ہندوستانی عازمین کا انتقال ہوگیا ہے۔ ہندوستان کے وزارت خارجہ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ وزارت خارجہ نے جمعہ کے روزبتایا کہ اس سال ہندوستان سے ایک لاکھ 75 ہزارلوگ سفرحج کے لئے مکہ مکرمہ گئے ہیں۔ ان میں سے اب تک 98 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ اموات قدرتی وجوہات، پرانی بیماریوں اوربڑھاپے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ ان میں سے 6 افرادعرفات کے دن جبکہ 4 حادثات کے باعث جاں بحق ہوئے۔وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ہمارا حج مشن کام کررہا ہے۔ عازمین سے متعلق تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس طرح کے حادثے پر ہم فوراً کارروائی کرتے ہیں۔ سبھی لوگوں کا دھیان رکھا جاتا ہے۔
مکہ مکرمہ میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ وہاں، لوگ ہیٹ ویو کے بھی شکار ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال سفرحج کے دوران ہندوستان کے 187 عازمین حج کا انتقال ہوا تھا۔ سعودی عرب میں اس سال شدید گرمی کی وجہ سے سفرحج کے دوران پوری دنیا سے آئے ہوئے 900 سے زیادہ عازمین حج کا انتقال ہوگیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ پیر کے روز مکہ کی مسجد حرام میں درجہ حرارت 51.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ایک عرب سفارت کارنے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ حج پرجانے والے افراد میں سب سے زیادہ مصریوں کی موت ہوئی ہے۔
مصر میں گرمی کی وجہ سے کم ازکم 600 افراد ہلاک ہوئے، جو ایک دن پہلے 300 سے زیادہ ہے۔ متعدد ممالک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق، اب تک ہونے والی اموات کی کل تعداد 922 تک پہنچ گئی ہے۔ تیونس کی 70 سالہ مبروکہ بنت سلیم شوشنا ہفتہ کے روز عرفات کی زیارت کے آخری مرحلے کو مکمل کرنے کے بعد سے لاپتہ ہیں، ان کے شوہر محمد نے بدھ کے روز بتایا کہ وہ رجسٹرڈ نہیں تھیں اور ان کے پاس سرکاری حج اجازت نامہ نہیں تھا۔ وہ ائیرکنڈیشنڈ سہولیات استعمال نہیں کرسکتیں، جو عازمین کو گرمی سے مہلت دیتی ہیں۔ اس نے بتایا کہ وہ ایک بوڑھی عورت ہے۔ وہ بہت تھکی ہوئی تھی۔ وہ بھی بہت گرمی محسوس کررہی تھی اوراس کے پاس سونے کی جگہ نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسے تمام اسپتالوں میں تلاش کیا۔ اب تک مجھے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔



