ٹرمپ کی پوتی کے اپنے دادا کے بارے میں دلچسپ انکشافات
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی کائی ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کے نیشنل کنونشن میں گفتگو کی
واشنگتن، 19جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی کائی ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کے نیشنل کنونشن میں گفتگو کی۔ وہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی بڑی بیٹی ہے۔کائی نے انکشاف کیا کہ ٹرمپ بھی ایک عام دادا جیسے ہیں جو ہمارے والدین سے آنکھ بچا کر ہمیں کینڈی اور سوڈا دیتے ہیں۔ وہ ہمیشہ یہ معلوم کرتے ہیں کہ ہمارا اسکول کیسا جا رہا ہے۔کائی کا مزید کہنا تھا کہ کنونشن میں ان کی گفتگو کا مقصد اپنے دادا کے اس پہلو کو ظاہر کرنا ہے جو لوگ زیادہ نہیں دیکھتے۔
کائی کے مطابق جب اس نے اسکول میں پوزیشن حاصل کی تو ٹرمپ نے اپنے دوستوں کو فخریہ طور پر یہ بات بتائی۔ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے ان کی پوتی نے کہا کہ ”ہفتے کے روز جب میں نے فائرنگ سے ان کے زخمی ہونے کا سنا تو میں زوردار جھٹکا لگا۔ اس کے مطابق بہت سے لوگوں نے ٹرمپ کو نقصان پہنچایا ہے تاہم وہ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔کائی نے ٹرمپ کو پیغام دیتے ہوئے کہا دادا جی مجھے آپ سے محبت ہے،آپ نہایت شفیق اور پیار کرنے والے انسان ہیں۔آپ اس ملک کے لیے بہترین چاہتے ہیں،آپ امریکا کو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لے روزانہ لڑ رہے ہیں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اولاد کے کل 10 بچوں میں 17 سالہ کائی ٹرمپ سب سے بڑی ہیں۔ وہ گولف کا شوق رکھتی ہیں اور سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر بھی کافی سرگرم ہیں۔



