ای ڈی نے ہریانہ کے کانگریس ایم ایل اے سریندر پنوار کو کیا گرفتار
پنوار نے 2019 میں سونی پت اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کی کویتا جین کو شکست دی تھی
چندی گڑھ ، 20جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو ہریانہ کے کانگریس ایم ایل اے سریندر پنوار کو غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں گرفتار کرلیا۔ پنوار کی گرفتاری مرکزی ایجنسی کی جانب سے مہندر گڑھ سے کانگریس ایم ایل اے راؤ دان سنگھ کے گھر کی تلاشی لینے کے دو دن بعد عمل میں آئی۔ پنوار سونی پت سے ایم ایل اے ہیں اور ہریانہ اور راجستھان میں کان کنی کا کام کرتے ہیں۔ای ڈی کی ٹیم ہفتہ کی صبح ان کے گھر پہنچی اور ان کے بیٹے کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ ای ڈی ماضی میں یمنا نگر، سونی پت اور دیگر کئی اضلاع میں غیر قانونی کان کنی کے سلسلے میں ہریانہ پولیس کی طرف سے درج کئی ایف آئی آر (رپورٹس) کی تحقیقات کر رہی ہے۔
جنوری میں، ای ڈی نے سونی پت کے سیکٹر 15 میں پنوار کی رہائش گاہ اور انڈین نیشنل لوک دل کے سابق ایم ایل اے دلباغ سنگھ سے منسلک کئی احاطے کی تلاشی لی تھی۔ تلاشی کے بعد ای ڈی نے 5 کروڑ روپے نقد، غیر ملکی ہتھیار اور 300 سے زیادہ کارتوس بھی برآمد کئے۔ای ڈی ذرائع کے مطابق، پنوار کی رہائش گاہ سے مبینہ منی لانڈرنگ کی نشاندہی کرنے والے کئی مجرمانہ دستاویزات بھی برآمد ہوئے، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ پنوار نے 2019 میں سونی پت اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کی کویتا جین کو شکست دی تھی۔ پنوار کو کل ووٹوں کا 59.51 فیصد، جبکہ کویتا جین کو 34.88 فیصد ووٹ ملے تھے۔



