کیا ’دی سمپسنز‘ نے کملا ہیرس کے عروج کی پیش گوئی کی تھی؟
The Simpsonsانڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ شاٹس سیزن 11 کے ایپیسوڈ میں دکھائے گئے
نیویارک، 24جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ہمیشہ کی طرح اور جیسا کہ دنیا بھر میں بہت سے واقعات میں ہوا ہے اس مرتبہ بھی ایک حوالہ مشہور اینی میٹڈ سیریز دی سمپسنز کا سامنے آ گیا ہے۔ اس مرتبہ یہ حوالہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے حوالے سے دیا گیا ہے۔ اتوار کو امریکی صدر نے دوسری مدت کے لیے صدر بننے کی اپنی امیدواری سے دستبرداری کا اعلان کیا اور نائب صدر کو بطور صدر امیدوار بنانے کی حمایت کردی۔اسی وقت متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ”The Simpsons” سیریز کے کلپس شیئر کردئیے جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سیریز کی جانب سے شروع کی گئی متنازع پیش گوئیوں کی ایک نئی قسط میں امریکی صدارت کے لیے کملا ہیرس کی امیدواری کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ شاٹس سیزن 11 کے ایپیسوڈ میں دکھائے گئے ہیں۔ اس قسط کا عنوان بارٹ ٹو دی فیوچر تھا۔ اس میں لیزا سمپسن کا کردار امریکہ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نظر آیا تھا۔ اس منظر میں لیزا سمپسن نے کملا ہیریس کے لباس سے بہت ملتے جلتے کپڑے پہن رکھے تھے۔ کملا نے یہ لباس 2021 میں امریکی صدر جو بائیڈن کے صدر بننے کی تقریب میں پہنا تھا۔ کملا نے موتیوں کی بالیاں، موتیوں کا ہار اور جامنی رنگ کی جیکٹ پہنی تھی۔
یہ قسط 2000 میں دکھائی گئی تھی۔دی سمپسنزکے مصنف ال جین نے ایکس پر لیزا سمپسن کی تصویر کے ساتھ ہیریس کی ایک تصویر شیئر کی اور اس تصویر کو عنوان دیا کہ ایک سمپسن کی پیشین گوئی جس کا حصہ بننے پر مجھے فخر ہے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ دی سمپسنز سیریز نے اہم سیاسی واقعات کی پیش گوئی کی ہے۔ اس سے قبل 2017 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کی پیشین گوئی کی گئی تھی۔ اسی طرح کیپٹل ہل میں ہنگامے کی بھی پیش گوئی کی گئی تھی۔



