ممبئی(اردودنیانیوز) پولس فورس میں ملازمت پانا فخروعزت کی بات سمجھی جاتی ہے۔اس کے باوجودپولس میں خودکشی کارحجان غیرمتوقع المیہ ہے۔سوشل میڈیاپرسکال سے ملی خبروں کے مطابق نالاسوپارہ کے تلنج پولس اسٹیشن میں آن ڈیوٹی ۴۴؍سالہ پولس حوالدارجس کانام سکھارام بھوئے بتایاجاتاہے،صبح ۸؍بجے کے قریب پولس اسٹیشن کے پولس انسپکٹرروم میں خودکوگولی مارکرخودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرمیں عائدرات گیارہ بجے سے صبح ۶؍بجے تک کرفیوکے دوران سکھارام پولس حوالداردیگرپولس ملازمین کے ساتھ رات میں گشت اورچیکنگ ڈیوٹی پرمامورتھا۔صبح ۶؍بجے ڈ یو ٹی ختم ہونے کے بعدسکھارام قریب ۸؍بجے پولس انسپکٹرکے ریسٹ روم میں داخل ہوتے دیکھاگیاجہاں اس نے اپنے سرمیں گولی مارکرخودکشی کرلی۔بعدکی خبروں کے مطابق پولس اسٹیشن کی صفائی ملازمین نے صبح ۹؍بجے پولس حوالدارسکھارام کی لاش دیکھی اوراعلی پولس افسران کومطلع کیا۔خودکشی کی وجہ کااب تک پتہ نہیں چلاہے۔فی الحال انکوائری جاری ہے۔ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پولس حوالدارکے پاس ریوالورکہاں سے آیا،وہ پولس انسپکرریسٹ روم میں کیوں گیاتھااورگولی چلنے پرپولس اسٹیشن میں ڈیوٹی پرموجودپولس اہلکاروں کواس کاعلم کیوں نہیں ہوا،ان تمام اسرارسے پروجوہات کاپتہ چلایا جارہا ہے ۔




