بین الاقوامی خبریںسرورق

مسجد اقصیٰ میں ایک کنیسہ بناؤں گا، بن گویر کے بیان سے طوفان برپا

مسجد اقصیٰ میں کنیسہ سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان پر سعودیہ کی مذمت

مقبوضہ بیت المقدس ،۲۷؍اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)اسرائیلی انتہا پسند وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر فلسطینیوں کے خلاف انتہا پسندانہ بیانات دینے سے باز نہیں آرہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اشتعال انگیز بیان دے ڈالا ہے۔ لاکھوں فلسطینیوں اور عربوں کے لیے اپنے اپنے اشتعال انگیز خیالات میں انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں تجویز پیش کی کہ اگر ممکن ہوا تو وہ مسجد اقصی کے کمپاؤنڈ میں ایک یہودی معبد بنائیں گے۔صہیونی انتہا پسند وزیر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی قانون ٹیمپل ماؤنٹ میں مسلمانوں اور یہودیوں کے نماز ادا کرنے کے حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے۔

یاد رہے اسرائیلی مسجد اقصیٰ کو ٹیمپل ماؤنٹ کہتے ہیں۔ یہ بیانات انتہا پسند وزیر اور تقریباً تین ہزار یہودی آباد کاروں کے المسجد الاقصیٰ پر دھاوا بولنے کے صرف دو ہفتے بعد سامنے آئے ہیں۔اس بیان پر فوری طور پر کڑی تنقید شروع ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ مسجد اقصیٰ کی قانونی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسرائیلی وزیر تعلیم نے بین گویر کے خیالات کو احمقانہ اور پاپولسٹ قرار دیا۔ اسرائیلی وزیر داخلہ موشے اربیل نے ایسے بیانات کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے ان بیانات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر یائرلبید نے کہا کہ وزیراعظم حکومتی ارکان کے فرار پر قابو پانے میں ناکام رہے۔اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق اسرائیلی سیکورٹی حکام نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ ایسی پالیسی مشرق وسطیٰ میں مذہبی جنگ کو بھڑکا سکتی ہے۔ اس سے مشرقی القدس اور مغربی کنارے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بڑے خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔

مسجد اقصیٰ میں کنیسہ سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان پر سعودیہ کی مذمت

ریاض ،۲۷؍اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی عرب نے قابض اسرائیل کی حکومت کے ایک وزیر کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت گاہ قائم کرنے کے مطالبے سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ مملکت شدت پسندی پر مبنی اس بیان کو اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی مسلسل اشتعال انگیزی کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا احترام کیا جائے۔سعودی عرب نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ وہ برادر فلسطینی عوام کو درپیش انسانی المیے کی روک تھام کرے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی قوانین اور قرار دادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اسرائیلی ذمے داران سے پوچھ گچھ کے لیے سنجیدہ طریقہ کار کو فعال بنائے۔

امریکی سفیر کا انکشاف :اسرائیل سے تعلقات کیلئے سعودی اور امریکہ تاریخ ساز معاہدے پرکام کر رہے ہیں

 

ریاض،۲۷؍اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سعودی عرب میں امریکی سفیر مائیکل رتنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا تاریخ ساز معاہدے پرکام کر رہے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفیر مائیکل رتنی نے عرب اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ سعودی عرب اور امریکا تاریخ ساز معاہدے کے اہم نکات کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں، جلد معاہدہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

امریکی سفیر مائیکل رتنی کے مطابق یہ معاہدہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تاریخ ساز معاہدہ ہوگا جس میں امریکہ سعودی اسٹریٹجک شراکت داری اور فوجی معاہدے شامل ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے میں سعودیہ -اسرائیل تعلقات کو معمول پرلانا اور اقتصادی تعلقات کا قیام بھی شامل ہے، ضروری ہے کہ ہم مل کر معاہدے کو حتمی شکل دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button