گجرات میں بارش کا قہر جاری، 10؍ہلاک،آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ
سوراشٹرا اور کچھ میں اگلے تین دنوں تک بارش ہو سکتی ہے۔
احمد آباد ،۲۸؍اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ملک کے کئی حصوں میں مانسون نے اپنا اثر دکھایا ہے۔ گجرات سمیت کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ گجرات میں سیلاب جیسی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔ بعض اضلاع میں سڑکوں پر چلنا مشکل ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس پوری ریاست میں بارش کی وجہ سے 10 سے زیادہ لوگوں کی موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے 6 اضلاع میں فوج تعینات کر دی ہے۔ ریاست کے بیشتر حصوں میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی، آئی ایم ڈی نے گجرات، دہلی، راجستھان سمیت کئی ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوراشٹرا، گجرات کے مختلف علاقوں میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ سوراشٹرا اور کچھ میں اگلے تین دنوں تک بارش ہو سکتی ہے۔
گجرات میں بارش کے بارے میں آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ گجرات کے شمالی علاقوں میں دباؤ جنوب مغربی سمت سے بڑھے گا۔اس کی وجہ سے مانسون 29 اگست تک سوراشٹرا اور کچھ کے آس پاس کے علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اطلاع دے دی تھی۔ پیشین گوئی کے مطابق گجرات میں 27 سے 30 اگست کے درمیان موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔راجدھانی دہلی میں اس بار زبردست بارش ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 27 دنوں میں 23 دن بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال گزشتہ 14 سالوں میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
دہلی میں گزشتہ پیر کو بھی بارش ہوئی تھی۔ دہلی میں 28 سے 30 تاریخ تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔راجستھان میں بھی کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ کوٹا، بھرت پور، اجمیر، ادے پور، چتوڑ گڑھ، دوسہ، جے پور سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئی ایم ڈی نے مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اروناچل پردیش، اوڈیشہ، آسام، تریپورہ، پنجاب سمیت کئی ریاستوں کے لیے الرٹ بھی جاری کیا ہے



