بین الاقوامی خبریں

ابوظہبی میں نجی شعبے میں خواتین کیلئے زچگی کی 90 دن کی بامعاوضہ چھٹی کی اجازت

زچگی کی بامعاوضہ رخصت کی مدت 90 دن تک بڑھا دی گئی

ابوظہبی،۲۹؍اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ابوظہبی نے نجی شعبے میں کام کرنے والی اماراتی خواتین کے لیے زچگی کی چھٹیوں میں توسیع کی تفصیلات کا اعلان کیا جو سماجی اور خاندانی یگانگت کو فروغ دینے اور نوزائیدہ بچوں کی پرورش کے لیے بہترین ماحول پیدا کرنے کے اماراتی اقدام کا ایک حصہ ہے۔ابوظہبی سوشل سپورٹ اتھارٹی (ایس ایس اے) نے ایک بیان میں کہا، اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر زچگی کی بامعاوضہ رخصت کی مدت 90 دن تک بڑھا دی گئی ہے اور اس کا اطلاق یکم ستمبر 2024 سے بچوں کو پیدائش دینے والی تمام خواتین پر ہوگا۔حکام نے بتایا کہ نئے فوائد نجی شعبے میں کام کرنے والی اماراتی خواتین کے لیے دستیاب ہوں گے جن کے پاس ابوظہبی میں جاری کردہ فیملی بک ہو اور انھوں نے اپنے آجر سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہوا ہو۔

فوائد کی اہلیت حاصل کرنے کے لیے خواتین کو زچگی کے پہلے 30 دنوں کے اندر سروس کے لیے درخواست دے دینی چاہیے۔ انہیں تنخواہ کا ایک درست سرٹیفکیٹ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بشمول آئی بی اے این (بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ نمبر) بھی فراہم کرنا ہوں گے۔ایس ایس اے نے کہا کہ سروس کے بارے میں مزید تفصیلات اور درخواستیں قبول کرنے کے لیے آغاز کی تاریخ ستمبر میں فراہم کی جائے گی۔یہ اقدام ابوظہبی میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ محکمے کے حالیہ شروع کردہ اماراتی فیملی گروتھ سپورٹ پروگرام کے حصے کے طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشریٰ الملا نے کہاکہ یہ کوشش سماجی اور خاندانی یگانگت کو فروغ دیتی اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ شیر خوار بچوں کو وہ نگہداشت اور سہارا ملے جو ان کے خاندانوں اور برادریوں میں صحت مند نشوونما کے لیے درکار ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ اقدام اماراتیوں کو نجی شعبے میں شمولیت کی ترغیب دینے کے لیے حکومت کی ہدایات کے مطابق ہے اور اماراتی خاندانوں کے استحکام کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی شراکت میں اضافہ کرنے کے لیے ایس ایس اے کی حکمتِ عملی کے نظریئے سے ہم آہنگ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button