بین الاقوامی خبریں

غزہ کی پٹی: شمالی حصے کا اسرائیلی محاصرہ، وسط میں تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر

غزہ کی پٹی: شمالی حصے کا اسرائیلی محاصرہ، وسط میں تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر

غزہ،12اکتوبر (اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)

اسرائیل کی جانب سے مسلسل ساتویں روز غزہ کی پٹی کے شمالی حصے بالخصوص جبالیا کیمپ کا محاصرہ جاری ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے کسی بھی قسم کی غذائی یا طبی امداد یہاں تک کہ پانی کا داخلہ بھی روک دیا ہے۔العربیہ کے ذرائع کے مطابق ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کو بھی کیمپ میں جانے سے منع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ جبالیا میں 2 لاکھ فلسطینی موجود ہیں جن کو اسرائیلی بم باری یا بھوک سے مرجانے کا سنگین خطرہ درپیش ہے۔سیٹ لائٹ تصاویر نے غزہ کی پٹی کے وسط میں پھیلی تباہی کو بھی ظاہر کیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمالی حصے کا مکمل طور پر گھیراؤ کر رکھا ہے۔ اس میں جبالیا کے علاوہ بیت حانون اور بیت لاہیا بھی شامل ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک ہفتہ قبل غزہ پٹی کے شمال پر حملہ کیا تھا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کا مقصد حماس تنظیم کو اپنی صفیں از سر نو منظم کرنے سے روکنا ہے۔ادھر طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کو رات گئے جبالیا پر اسرائیلی حملوں میں تقریبا 30 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں علاقے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جمعے کے روز غزہ پٹی کی مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 61 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں آدھے لوگ جبالیا میں جاں بحق ہوئے۔ ان میں 20 افراد صرف ایک گھر پر فضائی حملے میں موت کا شکار ہوئے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں ذمے داران نے اسرائیل کی جانب سے جاری حملے اور غزہ کے شمال میں علاقہ خالی کرنے کے احکامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس صورت حال میں بچوں کی پولیو ویکسین مہم کا دوسرا مرحلہ تعطل کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس مرحلے کا آغاز آئندہ ہفتے مقرر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button