100 دن میں دنیا کی سیر ٹرین کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں؟
دنیا کی سیر، بغیر ہوائی جہاز کے: ایڈونچرز بائی ٹرین کی منفرد پیشکش
Around the World by Luxury Train
لندن،۸؍اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایڈونچرز بائی ٹرین نامی کمپنی نے ایک نیا ماحول دوست عالمی سفر پیش کیا ہے جس میں مسافر 100 دن کے اندر ٹرین کے ذریعے 14 ممالک کی سیر کریں گے۔ یہ سفر 17 مارچ 2026 سے لندن سے شروع ہوگا اور وہیں اختتام پذیر ہوگا۔ کمپنی کے ڈائریکٹر جم لوتھ نے بتایا کہ اب لوگ ہوائی جہاز کے بجائے ماحول دوست سفر کو ترجیح دے رہے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایسا سفر ترتیب دیا ہے جس میں کسی پرواز کی ضرورت نہیں۔ اس ٹور میں صرف 12 افراد کو شامل کیا جائے گا تاکہ ہر ایک کو ذاتی تجربہ فراہم کیا جا سکے، تاہم فی فرد قیمت 1,46,184 امریکی ڈالر ہے جبکہ جوڑوں کے لیے رعایتی پیکیج بھی موجود ہے۔
سفر کا انداز اور دلچسپ تجربات
یہ عالمی سفر نہ صرف ٹرین پر ہوگا بلکہ چند مراحل بحری جہاز سے بھی طے کیے جائیں گے، جیسے ٹوکیو سے کینیڈا کا 23 دن کا لگژری کروز۔ مسافروں کو آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت Alps، چین کی تیز رفتار ٹرینوں، امریکا کے Zephyr Amtrak روٹ، اور ویانا میں موسیقی کے پروگرامز کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ جارجیا اور جاپان کے مقامی پکوانوں کا ذائقہ بھی چکھا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے ہر گروپ کے ساتھ ایک تجربہ کار ٹور لیڈر موجود ہوگا جو مختلف ممالک میں مسافروں کی رہنمائی کرے گا۔
14 ممالک کی سیر، لندن سے لندن تک
اس سفر کے دوران مسافر فرانس، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ، ہنگری، رومانیہ، بلغاریہ، ترکیہ، جارجیا، آذربائیجان، قازقستان، چین، جاپان، کینیڈا اور امریکہ کا دورہ کریں گے۔ برطانیہ اس ٹور کا آغاز اور اختتام ہونے کی وجہ سے پندرہواں ملک ہوگا۔ جم لوتھ کے مطابق ٹرین کے ذریعے آپ کو ہر ملک کی تہذیب، لوگ، پکوان اور مناظر کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا، جو کسی ہوائی سفر میں ممکن نہیں۔



