ایلون مسک کے کم عمر ہونہار کیرن قازی نے اسپیس ایکس چھوڑ کر کین گریفن کی Citadel Securities جوائن کر لی
16 سالہ بنگلہ دیشی نژاد امریکی کیرن قازی نے امریکی کمپنی Citadel Securities میں شمولیت اختیار کر لی
نیویارک:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)صرف 16 سال کی عمر میں وہ کامیابیاں حاصل کرنے والے بنگلہ دیشی نژاد امریکی انجینئر کیرن قازی اب اسپیس ایکس چھوڑ کر وال اسٹریٹ کی بڑی کمپنی Citadel Securities میں شامل ہو گئے ہیں۔ کیرن قازی نے اپنی ذہانت اور محنت کے ذریعے وہ مقام حاصل کیا جس کے لیے اکثر انجینئرز دہائیوں تک محنت کرتے ہیں۔
کیرن قازی نے کم عمری میں ہی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا تھا۔ 9 سال کی عمر میں انہوں نے تیسری جماعت چھوڑ کر کالج جانا شروع کیا، 10 سال کی عمر میں انٹیل لیبز میں انٹرن شپ حاصل کی، اور 11 سال کی عمر میں سانتا کلارا یونیورسٹی منتقل ہو گئے۔ بالآخر 14 سال کی عمر میں وہ یونیورسٹی کی تاریخ کے سب سے کم عمر گریجویٹ بنے۔انہی صلاحیتوں نے ایلون مسک کو متاثر کیا۔
2023 میں، جب وہ محض 14 سال کے تھے، گریجویشن کے فوراً بعد، مسک نے کیرن قازی کو اپنی کمپنی SpaceX کے Starlink ڈویژن میں انجینئر کی حیثیت سے شامل کر لیا۔ دو سال کے دوران، کیرن قازی نے جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کے مسک کے مشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم، اب کیرن قازی نے ایک نیا فیصلہ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے اسپیس ایکس کو خیرباد کہہ کر دنیا کی سب سے بڑی ہائی فریکوئنسی ٹریڈنگ کمپنیوں میں سے ایک Citadel Securities میں بطور کوانٹ ڈویلپر شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہاں وہ تاجروں اور انجینئرز کے ساتھ مل کر جدید تجارتی نظام پر کام کریں گے اور اپنی انجینئرنگ مہارت کو مقداری مالیات (Quantitative Finance) میں استعمال کریں گے۔
تاہم، قازی کا سفر ہمیشہ روایتی نہیں رہا۔ کم عمری کے باعث انہیں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑامائیکروسافٹ کی ملکیت LinkedIn نے انہیں 16 سال سے کم ہونے کی وجہ سے بلاک بھی کر دیا تھا، جس پر انہوں نے کھل کر نظام تعلیم اور عمر کی بنیاد پر تعصب کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اب، قازی نے ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے Citadel Securities کو جوائن کر لیا ہے۔ کمپنی، جو امریکی ریٹیل اسٹاک ٹریڈنگ کا تقریباً 35 فیصد ہینڈل کرتی ہے اور 2024 میں 10 ارب ڈالر سے زائد آمدنی حاصل کر چکی ہے، ٹیلنٹ وار میں بڑی ٹیک کمپنیوں اور AI اسٹارٹ اپس کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے۔
کیرن قازی نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:”کوانٹ فائنانس ایک ایسا شعبہ ہے جو AI ریسرچ جتنی ذہنی پیچیدگی فراہم کرتا ہے لیکن اس میں نتائج بہت تیزی سے سامنے آتے ہیں۔ یہاں آپ اپنے کام کا اثر دنوں میں دیکھ سکتے ہیں، مہینوں یا سالوں میں نہیں۔”
قازی نے مزید کہا کہ Citadel Securities کا میرٹ پر مبنی کلچر اور فوری فیڈ بیک دینے کا نظام انہیں متاثر کر گیا، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سلکان ویلی کے بڑے AI اسٹارٹ اپس کی پیشکشوں کو مسترد کر دیا۔
قازی اب نیویارک میں رہائش پذیر ہیں اور Citadel Securities کے پارک ایونیو آفس سے صرف چند منٹ کی پیدل مسافت پر اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک ان کے دل کے قریب ہے کیونکہ ان کی والدہ اسی شہر میں پلی بڑھی ہیں۔
ماہرین کے مطابق، کیرن قازی کا یہ قدم نہ صرف ان کی غیر معمولی ذہانت اور ہمت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتا ہے کہ عمر کبھی بھی خوابوں کی تکمیل میں رکاوٹ نہیں بنتی۔



