تھانے13اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کے خلاف تلوار لہرانے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق راج ٹھاکرے کے خلاف تھانے کے نوپاڈا پولس اسٹیشن میں آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیاہے۔ یہ مقدمہ انڈین آرمز ایکٹ 4 اور 25 کے تحت درج کیاگیاہے۔
ایم این ایس لیڈر اویناش جادھو اور رویندر مورے کے خلاف بھی مقدمہ درج کیاگیاہے۔ راج ٹھاکرے نے منگل کو ایک میٹنگ میں تلوار اٹھائی تھی۔ راج ٹھاکرے ایک عرصے سے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ منگل کو انہوں نے یکساں سول کوڈ کی وکالت کی اور آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تھانے میں ایک ریلی میں اپنے اس مطالبے کو بھی دوہرایا کہ مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے جائیں۔
اس کے لیے مہاراشٹر حکومت کو 3 مئی سے پہلے کارروائی کرنے کا الٹی میٹم دیا گیاہے۔ ٹھاکرے نے کہاہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو اس ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاہے کہ آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے قانون لایا جانا چاہیے۔
ٹھاکرے نے دھمکی دی کہ اگر شیو سینا کی زیرقیادت ریاستی حکومت نے 3 مئی سے پہلے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے تو ایم این ایس کارکنان مساجد کے سامنے ہنومان چالیسا پڑھیں گے۔ انہوں نے کہاہے کہ یہ کوئی مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی مسئلہ ہے کیونکہ لاؤڈ اسپیکر ہر کسی کو پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔
مہاراشٹر: راج ٹھاکرے کے خلاف مقدمہ درج، راوت نے کہا وہ بی جے پی کے ’لاؤڈ اسپیکر‘
مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کی جانب سے تھانے میں منعقد کی گئی زبردست ریلی کے دوسرے دن کارروائی کی گئی ہے۔ تھانے پولیس نے راج ٹھاکرے کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ساتھ ہی پولیس نے ایم این ایس کے تھانے اور پالگھر ضلع کے سربراہ اویناش جادھو اور تھانے شہر کے سربراہ رویندر مورے کے خلاف بھی انہی دفعات کے تحت کارروائی کی ہے۔
مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے کے خلاف مہاراشٹرا کے تھانے شہر میں ایک عوامی جلسے کے دوران مبینہ طور پر تلوار چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک اہلکار نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کے ساتھ ایم این ایس کے تھانے اور پالگھر ضلع کے سربراہ اویناش جادھو اور تھانے شہر کے سربراہ رویندر مورے کے خلاف بھی آرمس ایکٹ کی دفعہ 4 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دراصل مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے منگل کو تھانے میں ایک زبردست ریلی کا اہتمام کیا تھا۔ شام کو اسی ریلی میں گڈکری چوک میں ایک عوامی جلسے کے دوران، ٹھاکرے نے مبینہ طور پر پارٹی کے مقامی لیڈروں کی طرف سے دی گئی تلوار نکالی، اسے میان سے نکال کر ہوا میں لہرائی۔ ان کے خلاف انہیں الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بدھ کو کہا کہ راج ٹھاکرے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے معافی مانگنے کے بعد بی جے پی کے ’لاؤڈ اسپیکر‘ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کو مرکزی تفتیشی ایجنسیوں سے معافی مل گئی ہے اور وہ بی جے پی کے لاؤڈ اسپیکر بن گئے ہیں۔ یہ لاؤڈ سپیکر مایوسی میں پھونک رہا ہے لیکن لوگ اسے بند کر دیں گے۔