200 کروڑ کے فراڈ کے الزام میں سکیش چندر شیکھر کیخلاف چارج شیٹ داخل
گینگسٹر سکیش چندر شیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے معاملے میں ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی گئی
نئی دہلی ، 16جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) دہلی پولیس نے پیر (16 جنوری) کو گینگسٹر سکیش چندر شیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے معاملے میں ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ سکیش پر دوا ساز کمپنی رین بیکسی کے سابق مالک شیویندر موہن سنگھ کی بیوی سے تقریباً 200 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ سکیش نے اپنے شوہر کو بچانے کے نام پر ادیتی سنگھ کو دھوکہ دیا تھا جو منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں بند تھا۔دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) نے چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ چندر شیکھر کی ممبئی کی قریبی ساتھی پنکی ایرانی نے انہیں بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنانڈیزسے ملوایا تھا۔ فرنانڈیز کو مرکزی کیس میں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ فرنانڈیز بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ وہ اس کیس میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا ملزم ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج شیلندر ملک کے سامنے دائر تازہ ضمنی چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس نے کئی لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں جن میں اداکارہ فرنانڈیز اور نورا فتحی بھی شامل ہیں۔ امکان ہے کہ عدالت منگل کو چارج شیٹ کا نوٹس لینے کے بارے میں فیصلہ سنائے گی۔ ایرانی کو دہلی پولیس کے EOW نے نومبر 2022 میں گرفتار کیا تھا۔اس سے قبل بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی جمعہ کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش ہوئیں اور جیل میں بند ٹھگ سکیش چندر شیکھر کے خلاف 215 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے مقدمے میں اپنا بیان ریکارڈ کرایاتھا۔



