قاہرہ، 20جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مصر میں ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان منگل کی شام ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جنوبی مصر کے گاؤں برشا میں اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔مسافروں کو لے جانے والی بس مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب میں منیا گورنری کے گاؤں برشا کے قریب کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
گورنری کے حکام کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرک ٹائر تبدیل کرنے کے لیے سڑک کے کنارے کھڑا تھا جو سوہاج گورنری سے قاہرہ کی گورنری کی طرف آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔گورنریٹ کے حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ملوی اسپتال لے جایا گیا۔ گورنر میجر جنرل اسامہ القاضی نے تصادم کی جگہ کا معائنہ کیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سعودی فرمانروا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے المناک بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر مصری صدر سے تعزیت کی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنمائوں نے فوت شدگان کی مغفرت، پسماندگان کے لئے صبر اور زخمی افراد کی جلد از جلد صحت یاب کے لئے دعا کی ہے۔پاکستانی حکومت نے مصر کے شہر منیا کے قریب المناک سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد کے زخمی ہونے پر مصر کی حکومت اور برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان نے حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں برادرانہ عوام اور حکومت مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر کے صوبے منیا میں بس کی کھڑے ٹرک سے ٹکر کے نتیجے میں22 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے تھے۔



