مہنگائی سے پریشان 6 سالہ بچی کا پی ایم مودی کے نام خط میگی ، پنسل اور ربڑ مہنگے ہوگئے ، مانگنے پر امی مارتی ہیں
نئی دہلی ؍لکھنؤ ، یکم اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پہلی جماعت میں پڑھنے والی چھ سالہ بچی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مہنگائی کی وجہ سے درپیش ’مشکلات‘ کے تناظر میں خط لکھا ہے۔ اتر پردیش کے قنوج ضلع کے چھبرامئو قصبے کی کریتی دوبے نامی لڑکی نے اپنے خط میں لکھا کہ میرا نام کریتی دوبے ہے، میں پہلی کلاس میں پڑھتی ہوں۔ مودی جی، آپ نے سامانوں کے بہت قیمت بڑھا دی ہے، حتیٰ کہ میری پنسل اور ربڑ بھی مہنگی ہو گئی ہے اور میگی کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔
اب میری ماں پنسل مانگنے پر مجھے مارتی ہے، میں کیا کروں؟ دوسرے بچے میری پنسلیں چرا لیتے ہیں۔خیال رہے کہ ہندی میں یہ لکھا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے ۔ بچی کے والد وشال دوبے، جو پیشہ سے ایک وکیل ہیں، نے کہا کہ یہ میری بیٹی کی ’من کی بات‘ ہے۔ وہ حال ہی میں اس وقت غصے ہوگئی،جب اس کی ماں نے اسے اسکول میں پنسل غائب ہونے پر ڈانٹا تھا ۔ چھبرامئو کے ایس ڈی ایم اشوک کمار نے کہا کہ انہیں اس چھوٹی بچی کے خط کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میں بچی کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لیے تیار ہوں اور اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کروں گا کہ اس کا خط متعلقہ حکام تک پہنچ جائے۔



