ریاستی پولیس نے گوگل سے ای میل ریکارڈ طلب کرلیا
سری نگر (اردودنیا/ایجنسیاں) جموں وکشمیر پولیس نے امریکی عہدیداروں اور گوگل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی ڈی پی کے سربراہ محبوبہ مفتی کے قریبی ساتھی وحید الرحمٰن پرا کی پاکستان میں علیحدگی پسند رہنماؤں اور دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی چیٹنگ کی تفصیلات شیئر کریں۔ریاستی پولیس نے یہ بات پرا کیخلاف دائر چارج شیٹ میں کہی ہے۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ پرا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے لئے پہلا ثبوت موجود ہے، تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ اس نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے ان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے گٹھ جوڑ کیا گیا ۔پولیس کی کاؤنٹر انٹلیجنس کشمیر (سی آئی کے) برانچ کے ذریعہ دائر کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ ملزم پاکستان میں مقیم علیحدگی پسندوں اور دہشت گرد رہنماؤں سے ہدایات اور مشورے لیا کرتا تھا اور مختلف معلومات فراہم کرتا تھا ۔
اس ماہ کے شروع میں سری نگر کی ایک عدالت میں دائر چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ پرا متعدد ای میل آئی ڈی کے ذریعہ معلومات بھیجتا تھا، ، جن میں سے تین کا سراغ مل گیاہے۔ پولیس نے 19 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں کہا ہے کہ گوگل امریکہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پرا کے ذریعے تین ای میل آئی ڈی سے بھیجے گئے ای میلوں کی تفصیلات فراہم کریں۔
پی ڈی پی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کے ذریعہ پرا کوتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیںغیر انسانی حالات میں رکھا گیا ہے، تاہم پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ اس نے اس معاملہ میں ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے امریکی حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔



