بین الاقوامی خبریں

صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے بعد انسٹاگرام کا نیا فیچر تیار کیا جا رہا ہے

نیویارک ، 12اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فیس بک کی ملکیتی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کو ایپلی کیشن کی سروس میں تعطل کی بروقت اطلاع دینے کے لئے ایک نیا فیچر آزمایا جارہا ہے۔ یہ اعلان حالیہ دنوں میں دو بار انسٹاگرام کی سروس بند ہونے پر صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے بعد کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام کی بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکہ میں آزمایا جارہا ہے اور اس کو کچھ ماہ تک جاری رکھا جائے گا۔اس سے قبل 4 اکتوبر کو انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک کی سروسز میں تکنیکی خرابی کے سبب چھ گھنٹے کا تعطل آیا تھا جس کے باعث ساڑھے تین ارب صارفین ان ویب سائٹس کو استعمال کرنے سے قاصر تھے۔

اس کے علاوہ پیر کے روز بھی انسٹاگرام کے صارفین کو ایپلی کیشن استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔کمپنی کے اعلان کے مطابق صارفین کو ان کے اکائونٹ کے غیر فعال ہونے کے خطرے سے آگاہ کرنے کے بارے میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے۔ فیس بک گروپ کو سروسز کے تعطل کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین کے طنزو مزاح کا سامنا تو ہے ہی ساتھ ہی انہیں کمپنی کی ایک سابق ملازم خاتون کی جانب سے کمپنی کی ناروا پالیسیوں کے انکشاف پر قانونی دبائو بھی بڑھتا جارہا ہے۔

فیس بک کی سابقہ ملازم فرانسس ہاگن نے امریکی سینیٹ کے سامنے بیان دیا تھا کہ فیس بک نے نفرت آمیز مواد اور غلط معلومات کے پھیلائو کی روک تھام کی بجائے منافع کی خاطر ایسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے سے گریز کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button