دبئی میں مقیم پاکستانی خاتون مہم جو اگلے ماہ تاریخی خلائی سفر کرنے کیلئے تیار
پاکستانی خاتون مہم جو اپنے ملک کی وہ پہلی شخصیت بننے کے لیے تیار ہیں
دبئی،25ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ایک پاکستانی خاتون مہم جو اپنے ملک کی وہ پہلی شخصیت بننے کے لیے تیار ہیں جو 5 اکتوبر کو ورجن گیلیکٹک کی نجی کمرشل خلائی پرواز کے ساتھ خلائی سفر کا آغاز کرنے والی ہیں۔ اپنے اس خواب کو حیقیقت کے روپ میں دھالنے کے لیے انہیں 17 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔2004 میں وجود میں آنے والی اور کیلیفورنیا میں قائم ایک خلائی پرواز کمپنی ورجن گیلیکٹک اگلے ماہ اپنی چوتھی تجارتی خلائی پرواز شروع کرے گی جس میں امریکہ، برطانیہ اور پاکستان سے تین خلائی سیاح ہوں گے۔دبئی میں مقیم نمیرہ سلیم Namira Salim خلا کا سفر کرنے والی پہلی پاکستانی بن کر تاریخ رقم کریں گی۔
قبل ازیں وہ بالترتیب 2007 اور 2008 میں شمالی اور جنوبی قطبین پر ملک کا سبز ہلالی پرچم لہرا چکی ہیں اور انہوں نے ایورسٹ کی پہاڑی چوٹی پر فضا سے چھلانگ لگانے والی پہلی ایشیائی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔2011 میں حکومتِ پاکستان نے ان کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں باضابطہ طور پر انہیں تمغۂ امتیاز سے نوازا۔خواہشمند خلا نورد کو خلائی تحقیق کے نہ رکنے والے جذبے کے لیے 2016 میں فیمینا مڈل ایسٹ ویمن ایوارڈ بھی عطا کیا گیا۔
دبئی سے اتوار کو عرب نیوز سے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں انہوں نے کہا، ” میں نے جنوری 2006 میں ورجن گیلیکٹک کے ساتھ ایک معاہدہ کیا اور اپنا ٹکٹ خریدا لیکن اس وقت کسے معلوم تھا کہ اس خواب کو حقیقت بنانے میں 17 سال لگ جائیں گے۔انہوں نے بات کو جاری رکھا کہ گذشتہ ہفتے میں نے سبز ہلالی پرچم کو باضابطہ طور پر وصول کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا جسے میں خلائی سفر کے دوران اپنے ساتھ لے کر جاؤں گی۔ سبز ہلالی پرچم کو بلند کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہوگا۔سلیم نے کہا کہ انہوں نے 2006 میں ٹکٹ کے لیے $200,000 ادا کیے تھے حالانکہ اسی پرواز کی موجودہ قیمت $450,000 ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کا تربیتی سیشن نیو میکسیکو کے ایک نجی اسپیس پورٹ پر ان کے ساتھی امریکی اور برطانوی مسافروں کے ساتھ طے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا، ”ہمارے مشن میں مدار کو توڑنا اور فضا میں دوبارہ داخل ہونا شامل ہے۔



