کمسن بیٹی کا عاشق سے شادی پر اصرار، باپ نے کیا سر قلم
باپ بھوپندر سنگھ نے اپنی 16 سالہ بیٹی کا تلوار سے سر قلم کر دیا۔
شاہجہاں پور،7جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)یوپی کے شاہجہاں پور میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ بیٹی کے معاشقے سے مغموم باپ نے تلوار سے بیٹی کا سر قلم کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم باپ موقع سے فرار ہو گیا۔ فی الحال پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ یہ واقعہ پراؤر تھانہ علاقہ کے گڑھی گاؤں میں پیش آیا۔ رہائشی بھوپیندر سنگھ کی 16 سالہ بیٹی کا اسی گاؤں کے ایک نوجوان کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ بیٹی اپنے عاشق سے شادی پر بضد تھی۔ اس سے ناراض ہو کر باپ بھوپندر سنگھ نے اپنی 16 سالہ بیٹی کا تلوار سے سر قلم کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم باپ موقع سے فرار ہو گیا۔غیرت کے نام پر قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے نعش برآمد کر لی ہے۔ متوفی لڑکی کے چچا کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم باپ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس اندوہناک واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔اس پورے معاملے میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منوج اوستھی نے کہا کہ ہرویر سنگھ نے منگل کی دوپہر 2 بجے پراؤر تھانے کو اطلاع دی تھی۔ جس میں اس نے بتایا کہ اس کے بھائی بھوپیندر سنگھ نے اپنی 16 سالہ بیٹی کو تیز دھار ہتھیار کے وار کر کے قتل کر دیاہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔



