دوا کے بغیر سات منٹ کا مساج اور بند ناک سے چھٹکارا
ناک رات کو سونے کے درمیان بند ہوجائے تو نیند کو خراب کر دیتی ہے اور بے سکونی کا باعث بنتی ہے
نزلہ زکام وغیرہ کی وجہ سے ناک کا بند ہوجانا ایک عام بات ہے مگر اگر یہ ناک رات کو سونے کے درمیان بند ہوجائے تو نیند کو خراب کر دیتی ہے اور بے سکونی کا باعث بنتی ہے، اس آرٹیکل میں ہم بند ناک کو کھولنے کے چند آسان طریقے ذکر کریں گے جن کو استعمال کر کے آپ سانس بند ہونے کی پریشانی سے بچ سکتے ہیں۔
بھنووں کے وسط میں مالش کرنا
ناک بند ہونے کے صورت میں بھنووں کے درمیان میں انگوٹھے یا انگلی کے ساتھ آہستہ آہستہ کم از کم ایک منٹ تک مالش کریں اس سے سانس کی نالیوں میں جمی ہوئی ریشہ خارج ہونے میں مدد ملے گی اور یہ سانس کی نالی کی سوزش کو کم کرے گا۔
ناک کے دونوں طرف مالش کریں
شہادت کی انگلی اور درمیان والی انگلی کے ساتھ ناک کہ ان دونوں مقامات پر دائرے کی شکل میں آہستہ آہستہ تقریباً ایک سے دو منٹ مالش کریں اس سے آپ کی سانس کی بند نالیاں گھلنے میں مدد ملے گی اور آپ کو جمی ہوئی ریشہ کو ناک سے خارج کرنے میں آسانی ہوگی۔
ناک اور ہونٹوں کے درمیان مالش
ناک اور ہونٹوں کے درمیاں آہستہ آہستہ مالش کریں اور اس عمل کو تقریباً 2 سے 3 منٹ تک جاری رکھیں یہ آپ کے ناک کی سوزش کو کم کرے گا اور سانس لینے میں آسانی پیدا کرے گا۔
ہوا میں نمی
سردی بڑھنے کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوتا چلا جاتا ہے اور ہوا جب خشک ہوتی ہے تو سانس لینے سے ناک میں موجود ریشہ جمنی شروع ہوجاتی ہے، اپنے کمرے میں Humidifier استعمال کریں یا کمرے میں ہیٹر یا چولہے کے اوپر پانی کی دیگچی رکھ دیں تاکہ پانی کی بھاپ ہوا میں نمی کے تناسب کو برقرار رکھے۔
گرم کپڑا ناک پر رکھیں
کسی کپڑے کو گرم کرکے ناک کے دونوں اطراف اس سے ٹکور کریں یہ جمی ہوئی ریشہ کو خارج کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ورزش کریں
اگر آپ نزلے زکام کا شکار الرجی کی وجہ سے ہوئے ہیں اور آپ کی ناک بہہ رہی ہے تو اس کو ٹھیک کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ ورزش کریں، ورزش کرنے سے آپکا جسم گرم ہوگا اور یہ ناک میں موجود ریشہ کو خارج کرنے میں آسانی پیدا کرے گا۔



