
یکم اگست سے آدھار ۔ ووٹر شناختی کارڈ مربوط کرنے کے عمل کا آغاز
حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ریاست میں یکم اگست سے فوٹو شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے عمل کا آغاز ہوگا ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں ایک سے زائد رہنے والے 10 لاکھ سے زائد ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے حذف کردیا گیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ریاست کے تمام ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور انہیں سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے فوٹو شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے منسلک کرنے کے لیے جاری کردہ نوٹیفیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے اس پر صد فیصد عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے لمبے عرصہ سے سیاسی بے قاعدگیوں کو روکنے ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔
مرکزی حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کی منظوری کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ریاستوں کے الیکشن کمیشن کو احکامات جاری کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کا آغاز کرنے کی ہدایت دی ۔ جس کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ریاست کے ہر ووٹ کو آدھار سے منسلک کرنے کے لیے یکم اگست سے کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے اور اس عمل میں تمام احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا ہے ۔ آدھار کارڈ کی تفصیلات کو افشاء ہونے سے روکنے پر خاص توجہ دینے کی ہدایت دی ۔
ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے حدود میں ایک جیسے تصویر رہنے والے ( فوٹو سمیلر انٹری ) کے 10,25,987 ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے حذف کردیا گیا ہے ۔ ریاست میں اس طرح کے 22.04 لاکھ ووٹ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جس کے بعد کارروائی کی گئی ہے ۔ چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ یکم اگست سے ریاست میں فہرست رائے دہندگان میں نئے ووٹوں کے اندراج اور غلطیوں کو درست کرنے کا بھی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی ایسے رائے دہندے جو ایک مقام سے دوسرے مقام کو منتقل ہوچکے ہیں اور جن کے گھروں کے پتہ بھی تبدیل ہوئے ہیں وہ بھی اپنے گھروں میں اپنے پتے تبدیل کرواسکتے ہیں ۔



