پہلگام حملے کے دوران غدار کہا گیا، عامر خان کا شکوہ
پہلگام حملے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر غدار قرار دیا گیا،
ممبئی، ۱۶؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)معروف فلمی اداکار عامر خان نے بھارتی ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پہلگام حملے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر غدار قرار دیا گیا، حالانکہ ان کے خلاف یہ الزام سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔
عامر خان نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ایک پرانی تصویر وائرل ہوئی، جسے بنیاد بنا کر ان پر تنقید کی گئی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ملاقات 2020 میں ہوئی تھی اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا، بلکہ ایک اخلاقی اور سفارتی عمل تھا۔
اداکار کا کہنا تھا، ’’اگر آپ کسی ملک میں مہمان ہوں اور وہاں کے صدر آپ کو چائے پر مدعو کریں، تو انکار کرنا بدتمیزی ہوگی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے، اس لیے کسی قسم کا فوری ردعمل نہیں دے سکے، جس کی وجہ سے انہیں غلط فہمی کا نشانہ بنایا گیا۔
عامر خان نے فلم ’پی کے‘ پر ہونے والے اعتراضات پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں کسی مخصوص مذہب کو نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ یہ فلم سماجی شعور بیدار کرنے کی ایک کوشش تھی، جس میں دکھایا گیا کہ بعض عناصر مذہب کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، جس میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں فوجی اہلکار اور سیاح شامل تھے۔ اس حملے کے بعد عامر خان کی خاموشی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر اب انہوں نے کھل کر وضاحت پیش کی ہے۔



