پرتاپ گڑھ:(اردودنیا/ایجنسیاں)پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ کوتوالی نگر علاقے میں سکھ پال نگر اینٹ بھٹے کے قریب مبینہ طور پر موٹرسائیکل کے کھمبے سے ٹکراکر پر اسرار حالت میں نجی ٹی وی نیوز چینل کے ایک صحافی کی موت ہوگئی، اس کی اطلا ع پولیس نے دی ہے۔واضح ہوکہ شراب مافیا کیخلاف اے بی پی نیوز نیشنل ٹی وی پر خبریں چلانے والے اس صحافی نے 12 جون کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس ، پریاگراج کو ایک خط لکھ کر تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سریندر دویدی نے پیر کو بتایا کہ نجی نیوز چینل(اے بے پی نیوز) کے رپورٹر سولبھ سریواستو (42) اتوار کی شب لال گنج کے اسرہی گاؤں سے موٹرسائیکل سے گھر لوٹ رہے تھے کہ تھانہ کوتوالی کے سکھ پال نگر اینٹ بھٹے کے قریب موٹرسائیکل ایک کھمبے سے جاٹکرائی ،جس کے باعث مذکورہ ٹی وی صحافی شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ سولبھ کو علاج کے لئے ضلعی اسپتال لایا گیا ،
جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔پولیس تمام پہلوؤں کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے اور قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ سولبھ سریواستو نے شراب مافیا کیخلاف خبریں چلائی تھیں ، جس کی وجہ سے وہ خوفزدہ تھے ۔ انہوں نے 12 جون کو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ایک خط لکھ کر جان و مال کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔



