بین الاقوامی خبریں

ابوظبی میں 10 ٹریفک خلاف ورزیوں پر 100 سے 500 درہم تک جرمانہ

ابوظہبی، 18مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ابوظبی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سب سے زیادہ 10 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ ان پر اب 100 درہم سے 500 درہم تک کے جرمانے ہیں۔ الامارات الیوم کے مطابق ٹرانسپورٹ سینٹر نے سوشل میڈیا کے اپنے پیج پر آگاہی مہم کے تحت خلاف ورزیوں کی فہرست جاری کی ہے۔

ٹرانسپورٹ سینٹر کا کہنا ہے کہ تین خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن میں پر 100 درہم تک جرمانہ ہے۔ ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی کسی بھی گاڑی سے آتش گیرمواد منتقل کرنا، ہتھیار گاڑی میں رکھنا، معذوروں کے لیے مختص مقامات پر گاڑی پارک کرنا یا ان کے لیے مختص نشستیں کسی اور کی طرف سے استعمال کرنا۔

یہ تین خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن میں سے کسی ایک کے ارتکاب پر 100 درہم جرمانہ ہے۔ٹرانسپورٹ سینٹر نے بتایا کہ چارخلاف ورزیاں ایسی ہیں جن میں سے کسی کے بھی ارتکاب پر 200 درہم جرمانہ ہوگا۔ گاڑی میں سگریٹ نوشی، کھانا پینا اور چیونگ گم چبانا، کرایہ نہ دینا اور موٹر سائیکل کو بسوں میں غیر مقررہ طریقے سے داخل کرنا، ان چار خلاف ورزیوں پر سے کسی ایک ارتکاب پر 200 درہم جرمانہ ہے۔

ٹرانسپورٹ سینٹر نے بتایا کہ دس خلاف ورزیوں میں سے تین ایسی ہیں جن میں سے کسی ایک کے ارتکاب پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔سینٹر نے بتایا کہ کسی بھی مسافر کا دوسرے مسافر کو بس ٹکٹ فروخت کرنا یا خریدنا، سواری میں جان بوجھ کر مسافروں کو پریشان کرنا، پرسکون نہ رہنا اور ڈرائیور کی توجہ اس کے کام سے ہٹاتے رہنا۔ یہ تین خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن میں سے کسی ایک کے ارتکاب پر 500 درہم کا جرمانہ ہوگا۔


متحدہ عرب امارات کا مال بردار جہاز ایران کی عسلویہ بندرگاہ سے 30 میل دور غرقاب 

دبئی، 18مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات کا ایک مال بردار جہاز جمعرات کو ایران کی عسلویہ بندرگاہ سے 30 میل دورڈوب گیا ہے۔اس کے عملہ کے 16 ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔اس سے قبل عملہ کے قریباً 30 ارکان کے پانی میں ہونے کی اطلاع ملی تھی۔انھوں نے زندگی بچانے والی جیکٹیں پہن رکھی تھیں اوروہ امدادی رضاکاروں کے منتظر تھے۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے اطلاع دی ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے خلیج میں طوفان آیا ہے اور بحری جہازوں کی نقل وحرکت اور بحری سرگرمیوں میں خلل پڑا ہے۔سالم المکرانی کارگوکمپنی کے آپریشن مینجرکیپٹن نزار قدورا نے امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ السالمی 6 جہازایران کی ساحلی حدود میں ڈوب گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ امدادی رضاکاروں نے عملہ کے 16ارکان کو بچا لیا ہے۔

مزید 11 افراد اجتماعی کوشش میں بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ایک شخص کو قریبی ٹینکر نے بچا لیا تھا۔عملہ کے دو ارکان اب بھی پانی میں تھے۔کپتان قدورا نے مزید بتایا کہ عملہ میں سوڈان، بھارت، پاکستان، یوگنڈا، تنزانیہ اور ایتھوپیا کے شہری شامل تھے۔

یہ جہازعراق کے جنوبی شہرام قصر کی بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا اور اس پرکاریں اور دیگر سامان لدا ہوا تھا۔السالمی 6کی مالک دبئی میں قائم کمپنی نے فوری طور پرحادثے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکارکیا ہے۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا اور سرکاری ٹیلی ویڑن کی جانب سے جاری کردہ تصاویرالسالمی 6 سے مشابہ ہیں۔

واضح رہے کہ خلیج عرب بین الاقوامی تجارت کی ایک اہم بڑی آبی گزرگاہ ہے۔اس سے دنیا بھر کو جانے والے مال بردارجہاز ہوکرگذرتے ہیں اور خلیجی عرب ریاستوں سے تیل بردار ٹینکر گذرکر دوسرے ملکوں میں جاتے ہیں۔اس آبی گزرگاہ میں مال بردارجہازوں کے ڈوبنے کے واقعات ناقابل یقین حد تک شاذونادر ہی پیش آتے ہیں۔

تاہم موسم سرما کے نسبتاً سرد مہینوں سے موسم گرما کے جھلسا دینے والے دنوں کی آمد آمد ہے اور اس تبدیلی کی وجہ سے پورے خطے کودھول کے طوفانوں اور خراب موسم نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ایران کے محکمہ موسمیات نے بدھ سے خلیج عرب میں شدیدموسم کے آغاز کی خبر دی ہے اور اس نے خبردار کیا ہے کہ ہوا کے زوردارجھونکوں سے خلیج میں جہازرانی کی سرگرمیاں درہم برہم ہوجائیں گی اور ہفتے تک آف شور تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتاہے جبکہ ایران کے صوبہ بوشہر میں آندھی کی رفتار70 کلومیٹر فی گھنٹا (40 میل فی گھنٹا) سے تجاوز کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button