دلچسپ خبریںسرورق

ابوظبی میں ’سپر وائٹ‘ شاہین کی مہنگی ترین نیلامی، 2 لاکھ 50 ہزار درہم میں فروخت

اماراتی بولی دہندہ خالد بن سیفان نے 2 لاکھ 50 ہزار درہم میں پرندہ خرید لیا۔

ابوظبی، 17 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) ابوظبی میں نایاب اور انتہائی قیمتی ’سپر وائٹ جیر‘ شاہین نے نیلامی کے دوران سب کی توجہ حاصل کرلی، جہاں اسے 2 لاکھ 50 ہزار درہم میں فروخت کیا گیا۔ اس قیمت کے بھارتی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 89 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ نایاب شاہین کی خریداری اماراتی بولی دہندہ خالد بن سیفان نے کی، جنہوں نے نیلامی کے آخری مرحلے میں اچانک بڑی بولی لگا کر دیگر شرکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ نیلامی ابوظبی کے ادنیک سینٹر میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ’ایڈی ہیکس‘ کی پہلی نیلامی کا حصہ تھی۔ بولی کے دوران قیمت 2 لاکھ 10 ہزار درہم تک پہنچ چکی تھی، تاہم خالد بن سیفان نے ایک ہی مرحلے میں رقم بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار درہم کردی۔ ان کی اس بولی کے بعد ہال میں موجود شائقین نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا اور نایاب شاہین ان کے نام ہوگیا۔

شاہین کی خریداری کے بعد خالد بن سیفان نے اماراتی روایتی شاعری کا ایک شعر پڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے شاہین کو اپنی خاندانی روایت سے جوڑتے ہوئے اسے مقابلوں میں حریفوں کے لیے ایک مضبوط چیلنج قرار دیا۔

 اس نیلامی میں مجموعی طور پر سات نایاب پرندے پیش کیے گئے تھے، تاہم ’سپر وائٹ جیر‘ سب سے زیادہ قیمت حاصل کرنے والا شاہین رہا۔ فالکنری کے شوقین افراد میں ایسے نایاب اور منفرد پرندوں کی خاص اہمیت سمجھی جاتی ہے، جبکہ مقابلوں میں حصہ لینے والے شاہینوں کی نسل، خصوصیات اور تربیت بھی خریداروں کی دلچسپی کا اہم مرکز ہوتی ہے۔

نیلامی میں خریدے گئے شاہینوں کے مالکان کو ’ایڈی ہیکس بیج‘ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ یہ بیج انہیں 2026-27 کے سیزن میں ہونے والے تاریخی ’پریذیڈنٹ کپ فالکنری مقابلے‘ میں شرکت کے لیے اہل بنا سکتا ہے، جس کی وجہ سے نیلامی میں پیش کیے جانے والے پرندوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

’ایڈی ہیکس‘ کی مرکزی تقریبات 28 اگست سے 6 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ نمائش کے دوران مجموعی طور پر آٹھ مختلف نیلامیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں شائقین اور خریدار آن لائن کے ساتھ ساتھ موقع پر موجود رہ کر بھی بولی میں حصہ لے سکیں گے۔ ابوظبی میں منعقد ہونے والی یہ سرگرمیاں خطے میں فالکنری اور نایاب شاہینوں سے وابستہ روایتی ثقافت کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button