قومی خبریں

کسان لیڈر ٹکیت کا مشورہ قبول،پہلوانوں کا میڈلس اور تمغے غرقِ دریا سے گریز

بی جے پی کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوان منگل کو دریائے گنگا میں اپنے تمغے بہانے ہریدوار پہنچے

نئی دہلی ،30مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اور بی جے پی کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوان منگل کو دریائے گنگا میں اپنے تمغے بہانے ہریدوار پہنچے۔ تاہم کسان لیڈروں نے انہیں منوالیا۔ پہلوانوں نے اپنے تمغے بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے صدر نریش ٹکائیت کو سونپے۔ وہیں اب پہلوان ہریدوار سے واپس لوٹ رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق نریش ٹکیت نے پہلوانوں سے پانچ دن کا وقت مانگا ہے۔پہلوانوں کو منانے کے بعد نریش ٹکیت نے کہا کہ یہ عزت کی بات ہے، یہ جنسی ہراسانی کا معاملہ ہے۔

یہ شرم کی بات ہے کہ ایک آدمی کو بچانے میں پوری حکومت لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا سرنیچے نہیں ہونے دیں گے۔دوسری جانب شری گنگا سبھا نے پہلوانوں کے تمغے گنگا میں بہائے جانے کی مخالفت کی ہے۔سبھا کے صدر نتن گوتم نے کہا کہ یہ گنگا کا علاقہ ہے، اسے سیاست کا اکھاڑھ نہ بنائیں، تمغے کھیل کی باقیات نہیں ہیں ،جسے غرق دریا کیا جائے آپ پوجا کے لیے آئیں ، آپ کااستقبال ہے ۔بات چیت میں گنگا سبھا کے جنرل سکریٹری تنمے وششٹھ نے کہا کہ وہ ہر کی پوری میں تمغہ کو بہائے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ ایک مذہبی مقام ہے، اسے احتجاج کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اس کے علاوہ کانگریس نے پہلوانوں سے تمغہ گنگا میں نہ بہانے کی اپیل کی تھی۔ کانگریس کے میٹروپولیٹن صدر ستپال برہمچاری نے کہا کہ اپنی محنت کو گنگا میں ضائع نہ کریں،احتجاج کے اور بھی راستے ہیں۔ وہیں کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے پہلوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمغے گنگا میں نہ بہائیں۔اس سے قبل، دہلی پولیس کے ذریعہ حراست میں لیے جانے اور جنتر منتر پر احتجاجی مقام سے ہٹائے جانے کے بعد پہلوانوں نے منگل کو کہا کہ وہ اپنے تمغے دریائے گنگا میں بہائیں گے اور انڈیا گیٹ پر انشن پربیٹھیں گے۔ریسلرز ساکشی ملک نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک بیان میں بتایا تھا کہ پہلوان منگل کو شام 6 بجے ہریدوار جائیں گے تاکہ تمغوں کو دریاء ے گنگا میں بہاسکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button