
ممبئی:(اردودنیا/ایجنسیاں)اداکارہ ملکہ شیراوت نے ایک طویل مدت کے بعد پھر سے بالی ووڈ کا رخ کیا ہے لیکن اس بار وہ ایک ویب سیریز کا حصہ ہوں گی۔یہ بالا جی فلمز کے تحت بننے والی ہارر کامیڈی سیریز ’بو سب کی پھٹے گی ہے۔ملکہ آج کل اس سیریز کی پروموشن کر رہی ہیں۔انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے ساتھ بات چیت میں جب ملکہ سے ان کے فلمی سفر کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔
جہاں لڑکیوں کے لیے کوئی مواقع نہیں ہوتے اور انھوں نے اپنے بل بوتے اور روایات کے خلاف جا کر خود اپنی پہچان بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا ایک پدرانہ سماج ہے جہاں خواتین کے بارے میں مردوں کے نظریے اور سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
‘انھیں شکایت ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ وہ محبِ وطن نہیں لیکن وہ اصل محبِ وطن ہیں جو ملک میں مثبت تبدیلیاں دیکھنا چاہتی ہیں۔ملکہ شیراوت کہتی ہیں کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے وہ خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف بات کرنا اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔



