فلمی دنیا

کمکم بھاگیہ کی 22 سالہ اداکارہ سنچیتا اُگلے مردہ پائی گئیں، خودکشی کا شبہ

پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں

ممبئی، 15 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) زی ٹی وی کے مقبول ڈرامہ "کمکم بھاگیہ” میں دیا ٹنڈن کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی 22 سالہ ٹی وی اداکارہ سنچیتا اُگلے کا دیہانت ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اداکارہ نالاسوپارا میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں اور ابتدائی جانچ میں معاملہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 14 جون کی شام تقریباً 7 بجے سے 7:30 بجے کے درمیان نالاسوپارا ایسٹ کے اچولے گاؤں میں واقع سائی سنتوشی بلڈنگ میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنچیتا اُگلے گھر میں اکیلی تھیں اور انہوں نے اپنے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کر لیا تھا۔

اچولے پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ونود بیگ کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ نے اپنے کمرے میں چھت کے پنکھے سے ساڑھی باندھ کر انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعہ کا علم ہونے پر اہل خانہ اور مقامی افراد انہیں فوری طور پر وسئی-ویرار میونسپل اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک کوئی تحریری نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے جس سے واقعہ کی وجہ کا تعین ہو سکے۔

متوفیہ کے والد مچھندر اُگلے کی شکایت پر اچولے پولیس نے 15 جون کو بھارتی شہری تحفظ ضابطہ (بی این ایس ایس) کی دفعہ 194 کے تحت حادثاتی موت کی رپورٹ (اے ڈی آر) درج کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور تمام ممکنہ زاویوں سے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

سنچیتا اُگلے گزشتہ چند برسوں سے ٹیلی ویژن اور تفریحی دنیا میں اپنی شناخت بنا رہی تھیں۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت "کمکم بھاگیہ” میں ادا کیے گئے کردار سے ملی تھی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اس مقبول ڈرامے میں کام کرنا ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا کیونکہ اسی کے ذریعے انہیں ناظرین میں پہچان حاصل ہوئی۔

اداکارہ کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ٹی وی صنعت میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پولیس واقعہ کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button