قومی خبریں

سنجے سنگھ کی مشکلات میں اضافہ، ای ڈی کی پہلی چارج شیٹ داخل

ای ڈی نے چارج شیٹ میں الزام لگایا ہے کہ

نئی دہلی،2دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ کی مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ای ڈی نے آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کیخلاف اپنی پہلی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ای ڈی کی چارج شیٹ میں سنجے سنگھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے چارج شیٹ میں الزام لگایا ہے کہ سنجے سنگھ اس معاملے میں سازش، منی لانڈرنگ اور ملزم کی مدد کرنے میں ملوث تھے۔ دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ اس معاملے کی سماعت 4 دسمبر کو دوپہر 2 بجے کرے گی۔ چارج شیٹ 4 دسمبر کو خصوصی جج ایم کے ناگپال کے سامنے پیش کی جائے گی۔اکتوبر کے مہینے کے دوران ای ڈی نے شراب پالیسی گھوٹالہ کے سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد سنجے سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسی معاملے میں جانچ ایجنسیوں نے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق شراب گھوٹالہ کے ملزم دنیش اروڑہ کی گواہی پر سنجے سنگھ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ای ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا تھا کہ شراب گھوٹالہ کے ملزم تاجر دنیش اروڑہ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس میٹنگ میں سنجے سنگھ بھی موجود تھے۔دنیش اروڑہ کے ای ڈی کے سامنے دیئے گئے بیان کے مطابق اس کی پہلی ملاقات ایک پروگرام میں سنجے سنگھ سے ہوئی تھی۔اس کے بعد وہ منیش سیسودیا کے رابطے میں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک فنڈ ریزنگ پروگرام تھا جس کا اہتمام آپ لیڈر نے دہلی انتخابات سے پہلے کیا تھا۔ای ڈی چارج شیٹ کے مطابق سنجے سنگھ کے کہنے پر دنیش اروڑہ نے دہلی میں آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی فنڈ جمع کرنے کے لیے کئی ریستوران مالکان سے بات کی۔ یہی نہیں، انہوں نے سیسودیا کو 32 لاکھ روپے کا چیک بھی سونپا۔ ای ڈی نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ سنجے سنگھ نے دنیش اروڑہ کا معاملہ طے کیا ،جو محکمہ ایکسائز کے پاس زیر التوا تھا۔آپ حکومت کی طرف سے لائی گئی دہلی شراب کی پالیسی کے تحت، قومی دارالحکومت میں 800 سے زیادہ نجی شراب کی دکانیں کھولی گئیں۔ بعد میں ایل جی وی کے سکسینہ نے شراب کا لائسنس دینے کے عوض رشوت لینے کا الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی انکوائری کی سفارش کی تھی۔ بعد میں دہلی حکومت نے شراب کی اس نئی پالیسی کو واپس لے لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button