بین الاقوامی خبریں

افغانستان: 45 ہلاک، طالبان مزید 12 اضلاع پر قابض

کابل، واشنگٹن ،04؍اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)افغان فضائیہ کی جانب سے جنوبی صوبہ ارزگان میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری جاری ہے۔ 9طالبان ہلاک جبکہ 6دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ افغان وزارت دفاع نے منگل کے روز تصدیق کی کہ صوبائی صدر مقام ترین کوٹ کے مضافاتی گائوں نچھین میں فضائی حملہ کے دوران طالبان کے ٹھکانے‘ حملہ والی سرنگ اور گولہ وبارود کی کچھ مقدار بھی تباہ کردی گئی۔ افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کی لڑائی شہروں تک پہنچ گئی۔

طالبان کے زمینی اور افغان فضائیہ کے فضائی حملے جاری ہیں۔ حملوں سے بہت سے زیادہ شہریوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنگ کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو رہے ہیں۔ ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں لڑائی کے دوران 24 گھنٹے میں 40 شہری جاں بحق‘ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ افغان فوج نے عوام سے شہر خالی کرنے کی اپیل کی ہے۔ قندھار میں تین روز میں پانچ شہری ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے۔ افغان #حکام نے 375 طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

طالبان نے لشکر گاہ میں چلنے والے 12 سے زائد مقامی ریڈیو اور ٹی وی سٹیشن بند کر دیے ہیں اور طالبان کے حمایتی اسلامی پروگرام نشر کرنے والے ایک چینل کو بحال رہنے دیا ہے۔ افغانستان کے تیسرے بڑے شہر ہرات میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی کا ساتواں روز ہے۔ عوامی رضاکاروں اور فوج نے شہر کے کئی علاقوں سے طالبان کو پیچھے دھکیل دیا۔ شہریوں نے حکومت کی حمایت میں چھتوں پر چڑھ کراللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔

سابق افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ ہرات کی عوامی مزاحمت طالبان کے لئے سبق ہے، حملے نہیں روکے تو #افغانستان کی عوام انکے خلاف میدان میں آ جائے گی۔ افغان وزیر خارجہ حنیف اتمر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں قطر میں دو اہم اجلاس شیڈول ہیں۔ ایک اجلاس خطے کے ممالک اور بین الاقوامی اتحادیوں کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا اجلاس ٹرائیکا پلس کے درمیان شیڈول ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔

ہرات‘ قندھار اور لشکر گاہ میں شدید لڑائی جاری ہے۔ طالبان نے ہلمند کے 12 اضلاع پر قبضہ کر لیا‘ افغان فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں متعدد طالبان مارے گئے‘ کابل میں قائم مقام وزیر دفاع کی رہائش کے قریب کار بم دھماکہ ہوا ہے۔ #دھماکے کے مقام پر فائرنگ بھی ہوئی۔ مسلح افراد قائم مقام جنرل بسم اللہ  خان وزیر دفاع کے گھر میں داخل ہو گئے۔ کابل کے گرین زون میں سرکاری عمارتوں اور غیرملکی #سفارتخانوں کے قریب کار بم دھماکہ میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

افغان اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کے مطابق کار بم دھماکے کا ہدف رکن پارلیمنٹ کی رہائش تھی۔ #امریکی وزیر خارجہ انتھونی #بلنکن اور افغان اشرف غنی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ٹونی بلنکن نے افغان حکام کو امریکی مدد اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ افغان سیاسی عمل اور افغانستان میں امن پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے افغان سیاسی عمل کیلئے مذاکرات میں تیزی لانے پر زور دیا۔

سیاسی عمل میں تمام دھڑوں کی شمولیت پر بھی زور دیا گیا۔ سیاسی عمل میں انسانی‘ #اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔ اس عمل کے ذریعے #افغان سرزمین امریکہ اور اتحادیوں کیخلاف حملوں کیلئے استعمال نہ ہو سکے۔ دونوں رہنماؤں نے طالبان کے جاری حملوں کی مذمت بھی کی۔ گفتگو میں #طالبان حملوں میں افغان شہریوں کے ضیاع پر غم کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button