قومی خبریں

پورے آسام سے AFSPA ہٹایا جائے گا وزیر داخلہ شاہ نے ریاستی پولیس کی تعریف کی، بنگال حکومت پر کیا حملہ

گوہاٹی ،10مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آسام کے دورے کے دوسرے دن مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گوہاٹی میں کہا کہ پورے آسام سے افسپا کو ہٹا دیا جائے گا۔ مودی حکومت کے آٹھ سال کے دوران اسے 23 اضلاع یعنی ریاست کے 60 فیصد سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی دراندازی کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ بنگال حکومت اس سلسلے میں مرکز کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے۔شاہ نے آسام پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے گولیوں کا جواب گولیوں سے دیا ہے ۔

اس کے بعد ریاست کے بھٹکے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لایا گیاہے۔ عسکریت پسندوں سے امن معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسپیشل آرمڈ فورسز ایکٹ (AFSPA) آسام میں 1990 میں نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسے 7 بار بڑھایا گیا۔ لیکن پی ایم نریندر مودی کے آٹھ سال کے دور حکومت میں ہم آسام کو افسپا سے پاک ریاست بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس وقت انتہا پسندی کے خلاف اس سخت قانون کو 60 فیصد سے ہٹا دیا گیا ہے۔

امت شاہ نے کہا کہ باغی گروپوں کے ساتھ ایک کے بعد ایک معاہدے مسلسل کیے جا رہے ہیں۔ عسکریت پسندوں کو قومی دھارے میں واپس لایا جارہا ہے ۔ 70 سال پرانے تنازع کو حل کرنے کے لیے پڑوسی ریاستوں سے بات چیت کی جا رہی ہے۔اپریل میں مرکز نے آسام کے 23 اضلاع سے AFSPA کو مکمل طور پر اور ایک سب ڈویڑن سے جزوی طور پر ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

غیر قانونی دراندازی کے چیلنج سے نمٹنے میں آسام میں بی جے پی زیرقیادت حکومت کی تعریف کرتے ہوئے شاہ نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال حکومت اس مسئلہ سے نمٹنے میں مرکز کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دراندازی کے مسئلہ کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں لیکن بنگال مرکز کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ہے۔شمال مشرق کے بڑے حصوں سےAFSPA کو ہٹانے کے مرکز کے فیصلے کے بعد یہ قانون اب صرف 31 اضلاع میں اور جزوی طور پر 12 میں مکمل طور پر مؤثر ہے۔

واضح ہو کہAFSPA کے تحت کسی علاقے میں مسلح افواج کو گڑبڑ ی روکنے کے لیے خصوصی اختیارات حاصل ہیں اور ان کی طرف سے کیے گئے اقدامات قانونی ذمہ داری سے آزاد ہیں۔اسے 2018 میں میگھالیہ، 2015 میں تریپورہ اور 1980 کی دہائی میں میزورم سے مکمل طور پر واپس لے لیا گیا تھا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو شمال مشرق میں افسپا کے تحت اعلان کردہ حساس علاقوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button