سورت ؍احمد آباد ،29دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گجرات کے سورت میں عصمت دری اور قتل کے مجرم نے جج پر چپل اچھال دی۔ مجرم نے عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ایسا کیا۔ سورت کی ایک عدالت نے بدھ کے روز ایک 27 سالہ شخص کو پانچ سالہ لڑکی کے سا تھ عصمت دری اور قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
خصوصی POCSO جج پی ایس کالا نے عدالت میں فیصلہ سنانے کے بعدسوجیت ساکیت نامی مجرم نے جج کی طرف ا پنی اچھال دی، تاہم وہ اپنا نشانہ چوک گیا ، اور چپل گواہ کے خانے کے قریب جاگری۔متاثرہ فریق کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہنے والے ملزم سوجیت ساکیت نے 30 اپریل کو ایک بچی کی عصمت دری کے بعد قتل کر دیا تھا۔
یہ لڑکی ایک مہاجر مزدور کی تھی۔ اس کے بعد سوجیت ساکیت کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔اسی طرح کا ایک معاملہ گزشتہ ماہ مہاراشٹر میں بھی سامنے آیا تھا ،جہاں مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں قتل کے ایک مقدمہ کے ملزم نے مقامی عدالت کے جج کے اوپر اپنی چپل اُچھال دی تھی ۔
ملزم کو اس بات پر غصہ تھا کہ اسے مقدمہ کی تاریخوں پر عدالت میں نہیں لایا جا رہا تھا۔ ایم ایف سی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ کلیان کی ایک عدالت میں پیش آیا جہاں زیر سماعت قیدی کو اپنی بیوی اور ماں کے قتل کے مقدمہ کا سامنا تھا۔کمرۂ عدالت میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے زیر سماعت قیدی کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔



