نئی دہلی، 12اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)موہن بھاگوت نے جب سے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی ہے، ایک طبقہ نے عمیر احمد الیاسی کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ انھیں دھمکی بھرے کچھ فون بھی آئے جس کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے عمیر احمد الیاسی کو سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے عمیر احمد الیاسی کو وائی پلس کیٹگری کی سیکورٹی مہیا کرائی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عمیر احمد الیاسی اور موہن بھاگوت کی ملاقات پر کچھ لوگ اس وقت انگلی اٹھانے لگے تھے جب اس ملاقات کے بعد عمیر احمد الیاسی نے بھاگوت کو ’راشٹرپتا‘ بتایا تھا۔ خصوصی ذرائع کے حوالے سے آ رہی خبروں کے مطابق الیاسی کے اس بیان کے بعد سے ہی انھیں لگاتار دھمکیاں مل رہی تھیں۔
اس کی رپورٹ خفیہ ایجنسی انٹلیجنس بیورو نے وزارت داخلہ کو دی تھی۔ بعد ازاں وزارت داخلہ نے انھیں وائی پلس کیٹگری کی سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا۔بتایا جاتا ہے کہ عمیر احمد الیاسی نے سوشل میڈیا پر بھی دھمکی ملنے کی بات کہی تھی۔ چونکہ وہ حال ہی میں پی ایف آئی پر پابندی کی حمایت بھی کر چکے ہیں اس لیے انھیں جان کو خطرہ بتایا جا رہا ہے۔ انہی سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے مرکز نے عمیر احمد الیاسی کو سیکورٹی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا۔



