سرورققومی خبریں

رام مندر کے بعد ابوظہبی میں پی ایم مودی کریں گے ہندو مندر کا ’پران پرتشٹھا ‘

یہ مندر ابوظہبی میں الوکبہ نامی جگہ پر 20 ہزار مربع میٹر کی زمین پر بنایا گیا ہے

 دبئی،13فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) پی ایم مودی متحدہ عرب امارات میں قائم ہندو مندر کے پران پرتشٹھا کی تقریب میں شرکت کے لیے ابوظہبی پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران پی ایم مودی کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پی ایم مودی کا گلے لگاکر استقبال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ مشرق وسطیٰ میں روایتی ہندو تعمیراتی انداز میں پتھر سے بنایا گیا پہلا مندر کا افتتاح ہو گا ، جس کے مہمان خصوصی پی ایم مودی ہوں گے ۔ مندر کے افتتاحی کی تقریب 14 فروری کو منعقد ہو گی۔ بعد ازاں پی ایم مودی زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں ہندوستانیوںسے خطاب کریں گے۔خیال رہے کہ2015 کے بعد پی ایم مودی کا عرب امارات کا یہ ساتواں دورہ ہے۔ گزشتہ آٹھ ماہ میں یہ ان کا تیسرا دورہ ہوگا۔

ابوظہبی میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرنے سے پہلے پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں اور دنیا کے ساتھ ہندوستان کی مصروفیت کو گہرا کرنے کی ان کی کوششوں پر بہت فخر ہے۔ آج شام، میں’ اہلاً مودی‘ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی تارکین وطن سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ اس یادگار لمحے میں ضرور شامل ہوں۔ 14 فروری کو افتتاح سے قبل سوشل میڈیا پر ہندو مندر کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے۔پی ایم مودی کے دورہ سے پہلے کی اطلاعات کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے منتظمین قدرے پریشان تھے، لیکن وزیر اعظم کے استقبال کو لے کر ان کے جوش میں کوئی کمی نہیں آئی۔

یہ مندر ابوظہبی میں الوکبہ نامی جگہ پر 20 ہزار مربع میٹر کی زمین پر بنایا گیا ہے۔ہائی وے سے متصل الوکبہ ابوظہبی سے تقریباً 30 منٹ کے فاصلے پر ہے۔مندر میں نقش و نگار کے ذریعے ہندو قدیم فن کا اظہار کیا گیا ہے ۔ مندر کے انتظام کے ترجمان اشوک کوٹیچا نے کہا کہ ماسٹر پلان کا ڈیزائن 2020 کے اوائل میں مکمل ہو گیا تھا۔ تاریخی مندر پر کام کمیونٹی کے تعاون اور ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں مندر بنانے کے لیے 20 ہزار مربع میٹر زمین دی تھی۔یو اے ای حکومت نے اس کا اعلان 2015 میں کیا تھا جب وزیر اعظم مودی 2 روزہ دورے پر وہاں گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button