
نئی دہلی، 30ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اگنی پتھ یوجنا کے تحت تقریباً 2.5 لاکھ خواتین نے 100 آسامیوں کے لیے درخواست دی ہے۔ اس کے تحت تقریباً ڈھائی لاکھ خواتین نے آرمی کور آف ملٹری پولیس (سی ایم پی) میں 100 بھرتیوں کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ان کی بھرتی کے لیے 11 ریلیاں ہوں گی جو اکتوبر سے شروع ہوں گی۔فوج کے پاس دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2.5 لاکھ خواتین نے فوج میں بھرتی کے لئے اگنی پتھ اسکیم کے تحت آرمی کور آف ملٹری پولیس (سی ایم پی) میں صرف 100 آسامیوں کے لیے اندراج کیا ہے۔
فی الحال، سی ایم پی واحد شاخ ہے جو فوج میں خواتین کو افسروں کے درجے سے نیچے کے عہدے پر بھرتی کرتی ہے۔ ان خواتین ملٹری پولیس اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی، رسمی اور پولیس کے فرائض بشمول ہجوم کو کنٹرول کرنے اور تفتیش میں لگایا جائے گا۔اگرچہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت بھرتیوں کا ردعمل اب تک حوصلہ افزا رہا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ سابقہ بھرتی کے عمل سے مختلف نہیں ہے اور پہلے کی طرح ہی معیارات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ 2020 میں کور آف ملٹری پولیس کی پہلی کھیپ کی بھرتی کے بعد اس کے دوسرے بیچ کی بھرتی کووڈ کی وبا کی وجہ سے ملتوی کردی گئی۔ جس کے بعد اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت 2.5 لاکھ میں سے 100 خواتین کو بھرتی کیا جائے گا اور مارچ 2023 سے ان کی تربیت شروع ہو جائے گی۔



